لاہور : موسلا دھار بارشوں کے باعث سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، متعدد گاڑیاں بند

لاہور میں آج صبح ہونے والی موسلا دھار بارش نے شہر کی متعدد سڑکوں کو تالاب میں بدل دیا، نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے جبکہ درجنوں گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں پانی میں پھنس گئیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا سلسلہ مسلسل 4 گھنٹے 14 منٹ تک جاری رہا، جس دوران 178 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ بارش نشتر ٹاؤن کے علاقے میں ہوئی۔

ادارے کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں اب بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے، جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید ہلکی بارش کا امکان ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے، عرفان علی نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صوبائی کنٹرول روم اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سینٹرز مکمل طور پر فعال ہیں اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

پنجاب میں بارشوں کا سلسلہ جاری، پی ڈی ایم اے کا متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مون سون کے اس سلسلے کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بجلی کے کھمبوں، لٹکتی تاروں، کچے گھروں اور خستہ حال عمارتوں سے دور رہیں۔ ان کے مطابق مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

ادھر، صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ لاہور میں گزشتہ 6 گھنٹوں سے وقفے وقفے سے بارش ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں، شہر کے تمام انڈر پاسز کلیئر ہیں، تاہم بعض نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کا کام تاحال جاری ہے۔

Back to top button