لاہورسمیت پنجاب میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں آج دوسرے روز بھی بارش کا سلسلہ نہ تھم سکا، مسلسل بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، حادثات میں خاتون جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہوگئے ہیں۔لاہور کی مختلف شاہراہوں پر پانی جمع ہو گیا، لاہور ائیرپورٹ ایریا میں زیاد ہ سے زیادہ 10.2ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی، شہر کے تمام انڈرپاسز پر عملہ موجود ہے۔
کمشنر لاہور کی جانب سے جاری ہدایات میں ایم سی ایل افسران و سٹاف کو مضافاتی علاقوں میں خود موجود رہنے کا کہا گیا ہے، بارش سے لاہور میں بجلی کا ترسیلی نظام بھی متاثرہوا، بارش کے باعث لیسکو کے 40 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے، دیگر فنی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شاہدرہ میں بارش کے سبب چھت گرنے سے خاتون جاں بحق ہو گئی، افسوسناک واقعہ شاہدرہ کے علاقہ فرخ آباد میں پیش آیا، خاتون کی شناخت ستر سالہ ہانیہ کے نام سے ہوئی۔
گھر میں بزرگ میاں بیوی اور ان کی بیٹی رہائش پذیر تھی، شوہر نماز پڑھنے گیا تو چھت گر گئی، ریسکیو ذرائع کے مطابق مکان کی چھت گارڈر اور ٹی آر کی بنی تھی، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
ادھر بہاولنگرا ور گردونواح میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، متعدد گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، رحیم یار خان میں انڈرپاس دریا کا منظر پیش کرنے لگا، منچن آباد میں پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا، پاکپتن شہر اور گردونواح میں بارش سے ہر طرف پانی پانی ہو گیا، فقیر والی میں تیز بارش کے بعد نشیبی علاقے ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔
ٹانک سرکل کنڈیاں میں سیلاب نے بنیادی ڈھانچہ تباہ کر کے رکھ دیا، تباہ کن سیلاب سرکل کنڈیاں کی سڑکیں بھی بہا لے گیا جس کے سبب متاثرین سیلاب کو مشکلات کا سامنا ہے، مچھ بولان میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔