لاہور ہائیکورٹ نےانتخابی عمل کو ڈی ریل کردیا
سپریم کورٹ نے عام انتخابات کیس کا تحریری حکم جاری کردیا۔سپریم کورٹ نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا جس میں عدالت نے بیرسٹر عمیر نیازی کو نوٹس جاری کرکے وضاحت مانگی ہے۔
عدالتی حکم میں کہا گیا ہےکہ کیوں نہ آپ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ کا حکم واضح تھاکہ کوئی بھی جمہوری عمل میں خلل نہیں ڈالےگا، عمیر نیازی بظاہر جمہوری عمل ڈی ریل کرنے کی کوشش کے مرتکب ہوئے۔ہائیکورٹ نے 2753 ڈی آر اوز، آر اوز اور اے آر اوز کا کام روک دیا، لاہور ہائیکورٹ نے بیک جنبش قلم انتخابی عمل کو ڈی ریل کردیا۔
عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہےکہ ڈی آر اوز اور آراوزکو خاص طورپرانتخابات کیلئے تعینات نہیں کیا گیا، تعینات افسران پہلے سے بطور انتظامی افسر فرائض انجام دے رہے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کیا جاتا ہے جب کہ عدالت نے لاہور ہائیکورٹ کو درخواست پر مزید کارروائی سے بھی روک دیا۔