لیاری کرونا کا نیا گڑھ، دو روزمیں 4 افراد جاں بحق، 85 متاثر

کراچی کا علاقہ لیاری بھی کورونا وائرس کا گڑ ھ بن گیا اور 2 روز میں 85 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ لیاری کے جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ان میں بہار کالونی، بغدادی، دریا آباد اور رانگی واڑا شامل ہیں
کراچی کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس لوگوں کو اپنا نشانہ بنارہا ہے۔ ضلعی ہیلتھ آفیسر جنوبی ڈاکٹر احمد علی کا کہنا ہے کہ لیاری کے مختلف علاقوں سے گزشتہ 2 روز میں 85 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوئے جبکہ 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔حکام کے مطابق لیاری کے جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہیں، ان میں بہار کالونی، بغدادی، دریا آباد اور رانگی واڑا شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ متاثرہ 21 افراد کو ایکسپو سینٹر میں قائم آئسولیشن یونٹ منتقل کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق گنجان آباد علاقے، تنگ گلیاں اور حکومتی اقدامات پر عوام الناس کا عدم تعاون کیسز کو بڑھانے کا سبب بنا ہے جبکہ متاثرہ افراد میں 85 فیصد مرد اور 15 فیصد خواتین شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق لیاری کے علاقوں میں 48 گھنٹوں میں 85 کیسز کے بعد بھی اب تک کوئی علاقہ سیل نہیں کیا جاسکا۔
دوسری طرف کراچی میں سندھ پولیس کے مزید 6 اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ اہلکاروں کی تعداد 15 ہوگئی۔ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس کراچی غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 3 روز کے دوران مزید 6 اہلکاروں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثر ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ اہلکاروں کو مکمل میڈیکل سہولت فراہم کی جاری ہے۔کراچی پولیس چیف کی جانب سے ناکوں پر تعینات اہلکاروں کو سماجی فاصلہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں اب تک مہلک وائرس سے 61 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جس میں سے 57 افراد کا تعلق کراچی سے تھا جبکہ شہر میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 1690 ہوگئی ہے۔
