لیجنڈری کامیڈین امان اللہ انتقال کرگئے

کنگ آف کامیڈی امان اللہ خالق حقیقی سے جاملے، وہ گردوں اور پھیپھڑوں کے عارضہ میں مبتلا تھے، 70 سالہ امان اللہ طویل عرصہ سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
کامیڈین امان اللہ پھیپڑوں، گردوں اور دل کے عارضہ میں مبتلا تھے۔ گزشتہ چند ماہ سے ان کی طبیعت مسلسل خراب چل رہی تھی اور وہ تین ماہ کے دوران 3 سے 4 بار اسپتال داخل ہوئے۔
اہلخانہ کے مطابق امان اللہ 3 ماہ قبل گردوں، پھیپھڑوں اور سانس کی تکلیف میں مبتلا ہوئے تھے۔انہیں چند روز قبل دوبارہ طبیعت بِگڑنے پر لاہور کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔
گزشتہ ماہ بھی امان اللہ خان کو طبیعت خراب ہونے پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں کئی روز زیرعلاج رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کنگ آف کامیڈی امان اللہ کے معروف اسٹیج ڈراموں میں شرطیہ مٹھے، بیگم ڈش انٹینا شامل ہیں، امان اللہ نے فلم ون ٹو کا ون اور نامعلوم افراد میں بھی جوہر دکھائے، ان کو 2018 میں پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ سے نوازا گیا۔
خیال رہے امان اللہ 1950کو لاہور میں پیدا ہوئے، وہ پاکستانی اسٹیج کے ایک مشہور و معروف مزاحیہ اداکار ہیں جو اسٹیج کے سب سے پرانے اداکاروں میں سے ایک تھے۔
