لیجنڈ مائیکل اوون پاکستان فٹبال لیگ کے سفیر مقرر

پاکستان فٹبال لیگ نے انگلینڈ کے سابق عظیم فٹبالر مائیکل اوون کو لیگ کے لیے اپنا سفیر مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان فٹبال لیگ کے لیے سفیر مقرر کیے گئے مائیکل اوون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فٹبال لیگ کا حصہ بن کر بہت اچھا لگا، میں 2سال پہلے آیا تھا اور اندازہ نہیں تھا کہ یہاں فٹبال کے چاہنے والے بھی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان فٹبال لیگ کا آغاز کیا جارہا ہے اور ہمارا کام ہے اسے آگے لے کر چلیں، فٹبال لیگ کا مقصد ملک کی نمائندگی کے لیے ٹیلنٹ تلاش کرنا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں فٹبال کی ترقی و ترویج کے لیے پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے وزیراعظم کے مشیر اور وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنااللہ سے ملاقات کی۔
پاکستان فٹبال لیگ کے وفد نے مائیکل اوون اور فرحان احمد جونیجو کی زیر قیادت وفاقی وزیر رانا ثناءاللہ، وفاقی سیکریٹری ندیم ارشاد کیانی سمیت وزارت کے اعلیٰ کے حکام سے ملاقات کی اور پاکستان میں فٹبال کی ترقی کے لیے ایک جامع منصوبہ پیش کیا۔
