ماؤں کی طرح بچوں کا خیال کرنے والے سیلیبرٹی باپ

ماں باپ کےلیے اولاد کی خوشیاں سب سے اہم ہوتی ہیں، عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ ماں سب سے زیادہ شفیق ہوتی ہے لیکن اولاد کےلیے باپ کی شفقت بھی کچھ کم نہیں ہوتی، بہت سے والد ایسے بھی ہوتے ہیں جو بچوں سے ماں سے بھی زیادہ اٹیچڈ ہوتے ہیں۔ اسی طرح کچھ سیلیبریٹیز ایسی بھی ہیں جو اپنے بچوں کا خیال ایک ماں کی طرح رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ وقت گزار کر بہت خوشی محسوس کرتے ہیں۔
سابق کپتان شاہد آفریدی کو اللہ تعالیٰ نے پانچ بیٹیوں سے نوازا ہے۔ ان کے نزدیک بیٹیوں کی پرورش بیٹوں کے مقابلے میں زيادہ اہم ہوتی ہے۔ آفریدی اپنی تمام تر مصروفیات میں سے اپنی بیٹیوں کےلیے نہ صرف خصوصی وقت نکالتے ہیں بلکہ ان کو اپنے میچز اور دیگر مصروفیات کے دوران میں اپنے ساتھ رکھتے ہیں۔ آفریدی پانچ بیٹیوں کے باپ بننے کے بعد بھی اللہ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں اور مسلسل یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ بیٹیاں اللہ تعالی کی رحمت ہوتی ہیں۔
اداکار شان شاہد کا شمار بھی ان خوش نصیب افراد میں ہوتا ہے جن کو اللہ تعالیٰ نے چار بیٹیوں سے نوازا ہے۔ شان اپنی بیٹیوں کے حوالے سے بہت حساس ہیں اس لیے اگر ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو دیکھا جائے تو اس میں ان کی اپنی بیٹیوں کے ساتھ گزارے ہوۓ خوبصورت لمحات کی تصاویر سب سے ذیادہ نظر آتی ہیں جن میں کہیں تو شان اپنی بیٹیوں سے اپنے کام کے معاملات میں مشورے لیتے نظر آتے ہیں تو کہیں ان سے اپنے ناخنوں پر نیل پالش لگوا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اپنی بیٹیوں کی برتھ ڈیز منانا بھی شان اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں اور یہ ان کی بے پناہ محبت کا ایک ثبوت ہے-
عدنان صدیقی کو اللہ تعالیٰ نے دو بیٹیوں اور ایک بیٹے سے نوازا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ گھر میں سب سے چھوٹی اولاد ہونے کے سبب وہ اپنے والد سے بہت زیادہ قریب تھے مگر ان کے والد ایک سخت گیر باپ تھے جب کہ اس کے مقابلے میں انہوں نے یہی کوشش کی کہ وہ اپنے بچوں کے ایسے باپ بنیں جو کہ ایک دوست کی طرح ہوتا ہے۔ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ ان کے بچے اپنی ماں کے مقابلے میں ان کے زیادہ قریب ہیں۔ جب پہلی بار تن تنہا انکی بیٹی اسٹڈی ٹور پر ترکی کے سفر پر گئی تو عدنان نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے ایک بہت جذباتی خط لکھا۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی کو کتنا ذیادہ مس کر رہے ہیں۔
بلال قریشی جو کہ اب شوبز میں تیزی سے جگہ بنا رہے ہیں ان کو اللہ تعالیٰ نے ایک بہت ہی پیارے بیٹے سوہان قریشی سے نوازا ہے جس میں ان کی جان ہے۔ وہ اپنا زيادہ وقت اپنے بیٹے اور بیوی کے ساتھ گزارنا پسند کرتے ہیں اور ان کی اس ہیپی فیملی لائف کا کریڈٹ بلال کو ہی جاتا ہے جو کہ اکثر سوشل میڈیا پر اپنے بیٹے کے ساتھ نظر آتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ ان کا بیٹا بھی ان جیسے ہی کپڑے پہنے ہوئے ان کے عکس کی صورت میں نظر آئے۔
