مائنس ون کسی صورت میں نہیں ہو سکتا، وزیر اعظم

وزیر اعظم عمران نے کہا ہے کہ مائنس ون کسی صورت میں نہیں ہو سکتا. بنی گالہ میں وزیراعظم عمران خان نے سینیئر وزراء کے ساتھ اہم ملاقات کی جن میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور حکومتی ترجمان فواد چودھری شریک ہوئے. ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں مائنس ون چاہتی ہیں اور مائنس ون کسی صورت نہیں ہو سکتا. اجلاس میں تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیدا ہونے والی موجودہ سیاسی صورت حال میں حکومت کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی. وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ حکومت سندھ میں گورنر راج نافذ نہیں کرے گی. اجلاس میں منحرف اراکین اسمبلی اور اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سمیت مختلف امور بھی زیر غور آئے. میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے. اس ضمن میں وزیر اعظم کی جانب سے سیکرٹری جنرل تحریک انصاف عامر کیانی اور مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے. وزیر اعظم نے دو ٹوک کہا کہ منحرف اراکین کے خلاف سخت ترین ایکشن لیا جائے گا تا کہ آئندہ کوئی ہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ کر سکے. ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے اپوزیشن جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ 27 مارچ کے پاور شو میں عوام پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی نظر آئے گی. سندھ میں گورنر راج سے متعلق مشاورت ہوئی تو اجلاس میں شریک اراکین کی اکثریت نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کی جس کے بعد وزیر اعظم نے یہ فیصلہ کیا کہ سندھ میں گورنر راج نہیں لگایا جائے گا.
