ماڈل متھیرہ اور اداکارہ طوبیٰ انور کا میچ کیوں پڑ گیا؟


معروف ماڈل متھیرہ اور ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ اداکارہ طوبی انور کا میچ پڑگیا ہے۔ طوبیٰ انور نے ذاتی زندگی سے متعلق سمجھانے پر متھیرا کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب انہیں کسی اور کی زندگی بارے باتوں کا مکمل علم نہ ہو تو ان کا خاموش رہنا ہی بہتر ہے۔ طوبیٰ انور نے متھیرا کو سوشل میڈیا پوسٹ پر کیے گئے کمنٹ کے بعد جواب دیا۔

متھیرا نے طوبیٰ انور کی جانب سے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو کی ویڈیو کلپ پر کمنٹس کرتے ہوئے طوبیٰ کو مینشن کیا تھا کہ وہ اپنے سابق شوہر عامر لیاقت کے احسانات کو نہ بھولیں۔ متھیرہ نے اپنے کمنٹ میں طوبیٰ انور کو مینشن کرتے ہوئے لکھا تھا کہ عامر لیاقت حسین نے ہی انہیں شوبز کیریئر دیا۔ متھیرہ نے لکھا کہ طوبیٰ انور کو اس وقت خود کو مقتول نور مقدم کے ساتھ تشبیہ نہیں دینی چاہیے، ان کے ساتھ انتہائی المناک حادثہ ہوا تھا، خدا ہر لڑکی کو نور مقدم جیسے واقعے سے محفوظ رکھے۔ ماڈل نے طوبیٰ انور کو مینشن کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اب چونکہ انکے سابق شوہر عامر لیاقت بھی انتقال کر چکے ہیں تو انہیں ماضی کی زندگی کو بھلا کر انتقال کرنے والے افراد کو معاف کرکے آگے بڑھنا چاہیے۔ ساتھ ہی متھیرہ نے طوبیٰ کے لیے لکھا کہ وہ خود کو مقتول نور مقدم کے ساتھ تشبیہ دے کر لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہی ہیں۔ متھیرہ کے جواب میں طوبیٰ انور نے بھی انہیں کرارا جواب دیا اور لکھا کہ پہلے تو انہوں نے کوشش کرکے ماڈل کو ذاتی طور پر پیغام بھیج کر چیزیں واضح کرنے کی کوشش کی مگر اب وہ مجبور ہوکر ان کے لیے جواب لکھ رہی ہیں۔

طوبیٰ انور نے متھیرہ کے لیے لکھا کہ وہ ان کے انٹرویو کا کلپ سن کر ان کی ذاتی زندگی سے متعلق فیصلہ کر رہی ہیں، جب کہ انہوں نے ان کا پورا انٹرویو بھی نہیں سنا اور یہ کہ انہیں کسی اور کی ذاتی زندگی میں پیش آنے والے واقعات و حادثات کا کوئی علم نہیں، پھر اپنی نامکمل معلومات کی بنا پر مکمل رائے کا اظہار کیوں کر رہی ہیں؟ طوبیٰ نے متھیرہ کے لیے لکھا کہ جب آپ کو کسی اور کی زندگی سے متعلق مکمل معلومات ہی نہ ہو تو کسی اور سے متعلق فیصلہ بھی نہ کریں تو بہتر ہوگا۔
انہوں نے متھیرا کو جواب دیا کہ انہوں نے ان کی ایک کلپ سننے کے بعد اپنی ہی سمجھ اور خیالات کے مطابق ان کی پوری زندگی کو چند لفظوں میں بیان کردیا مگر ایسا نہیں۔ طوبیٰ نے متھیرہ کے لیے لکھا کہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے آپ کو بخوبی علم ہوگا کہ سوشل میڈیا پر منفی باتیں دوسروں کی ذہنی صحت اور شخصیت پر کس قدر اثر انداز ہوتی ہیں، اس لیے آئندہ ایسا کرنے سے قبل تھوڑا سا سوچ لیجیے گا۔

خیال رہے کہ طوبیٰ انور نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں سابق شوہر عامر لیاقت کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ وہ ان سے شادی سے قبل ہی شوبز انڈسٹری کا حصہ تھیں، البتہ اداکاری انہوں نے شادی کے بعد شروع کی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وہ 18 سال کی عمر میں شوبز کا حصہ بنیں اور شادی کے دو سال بعد تک انہوں نے کسی طرح کا کام تک نہیں کیا لیکن پھر انہوں نے اداکاری کرنے کا سوچا اور باضابطہ طور پر آڈیشن دینے کے بعد اداکاری میں آئیں۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا تھا کہ انہوں نے سابق شوہر کا اثر و رسوخ استعمال کرکے اداکاری کا آغاز کیا۔

یاد رہے کہ طوبیٰ انور نے عامر لیاقت سے 2018 کے وسط میں خفیہ شادی کی تھی، جس کا عامر لیاقت نے 2020 میں اعتراف کیا تھا۔دونوں کے درمیان 2021 کے اختتام تک اختلافات کی خبریں سامنے آئیں اور فروری 2022 میں طوبیٰ انور نے عامر لیاقت سے خلع لینے کی تصدیق کی تھی۔ دونوں کی عمر میں نمایاں فرق تھا،جس وجہ سے ان کی شادی پر تنقید بھی کی جاتی رہی اور طوبیٰ انور سے عامر لیاقت کی دوسری شادی تھی، اس سے قبل انہوں نے ڈاکٹر بشریٰ اقبال سے کی تھی، جن سے انہیں دو بچے بھی تھے۔ طوبیٰ انور سے خلع کے بعد اسی ماہ یعنی فروری 2022 میں عامر لیاقت نے 18 سالہ لڑکی دانیہ ملک سے شادی کی تھی مگر شادی کے چند ماہ بعد ہی ان میں اختلافات ہوگئے تھے اور دونوں نے ایک دوسرے پر سنگین الزامات بھی لگائے اور بعد ازاں جون میں عامر لیاقت اچانک انتقال کر گئے۔

Back to top button