ماہرین نے چاند کے گرد ہالہ نظر آنے کی وجہ بتادی

اگر کبھی آپ رات کو اوپر نظر اٹھا کر مکمل چاند کو دیکھیں تو روشنی کا ایک بڑا ہالہ اس کے اردگرد نظر آئے گا۔مگر یہ جگمگاتا دائرہ چاند کے گرد کیوں ہوتا ہے؟یہ ہالہ نظر کی کمزوری کا اشارہ نہیں بلکہ برفانی ذرات یا آئس کرسٹلز کا نتیجہ ہوتا ہے۔
کولمبیا یونیورسٹی کے ماہرین کے مطابق ننھے برفانی ذرات چاند کی روشنی کو منتشر کرتے ہیں۔یہ برفانی ذرات بادلوں کی ایک قسم سیرس میں جمع ہوتے ہیں۔
یہ بنیادی طور پر خالص برف کے بادل ہوتے ہیں جو سطح زمین سے 31 میل بلندی پر بالائی فضا میں موجود ہوتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ چونکہ یہ بادل بہت اونچائی پر ہوتے ہیں اور بہت زیادہ پتلے ہوتے ہیں تو انہیں کھلی آنکھ سے دیکھنا ممکن نہیں ہوتا۔چاند کے ہالے کا حجم ہمیشہ یکساں ہوتا ہے، چاہے آپ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں یا موسم جیسا بھی ہو۔
