ماہ رمضان میں اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے

سعودی فرماں روا اور خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان نے کہا ہےکہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد باعث تکلیف اور اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے۔
رمضان المبارک کی آمد پر جاری بیان میں شاہ سلمان نے سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔ اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورت حال پر قابو پانے کے لیے سخت محنت پر زور دیا۔ سعودی فرماں روا نے کورونا وائرس کی وجہ سے رمضان المبارک میں عبادات میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد باعث تکلیف ہے، ان حالات نے ہمیں اجتماعی عبادات، نمازوں، تراویح اور خدا کے گھر میں قیام اللیل سے روک دیا ہے۔ سعودی فرماں روا نے مزید کہا کہ تمام حفاظتی اقدامات انسانی جانوں کو بچانے اور وائرس میں مبتلا ہونے سے روکنے کےلیے اٹھائے گئے ہیں، اس سال رمضان المبارک ایک ایسے وقت میں آئے ہیں جب ہم ان حالات میں رہ رہے ہیں کہ دنیا بھر کی انسانیت بہت شدید متاثر ہے اور وائرس کی وجہ سے ہم دنیا کی تاریخ کے ایک مشکل اور حساس دور سے گزررہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کے کیسز کی تعداد تقریباً 14 ہزار ہے اوراموات 120 سے زائد ہیں۔
ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کےلیے باجماعت نمازوں پر پابندی عائد ہے جب کہ تراویح کوبھی 10 رکعت تک محدود کیا گیا ہے۔
