متنازع ٹوئٹ کیس: ایمان مزاری، ہادی علی کے وارنٹ پر عملدرآمد نہ ہو سکا

اسلام آباد پولیس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) ایمان مزاری اور ان کے شوہر ہادی علی کے وارنٹِ گرفتاری پر عملدرآمد کرانے میں ناکام رہیں۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کے جج افضل مجوکہ نے ایمان مزاری اور ہادی علی کے خلاف متنازع ٹوئٹ سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے حکام، پولیس افسران اور اسپیشل پراسیکیوٹرز عدالت میں پیش ہوئے، تاہم دونوں ادارے ملزمان کے وارنٹِ گرفتاری کی تعمیل نہ کرا سکے۔

این سی سی آئی اے اور پولیس کی جانب سے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کی گئی، جس پر جج افضل مجوکہ نے ریمارکس دیے کہ جس ادارے کی رپورٹ غیر تسلی بخش ہوئی، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

عدالت نے این سی سی آئی اے اور پولیس کو ہدایت کی کہ دوپہر 2 بجے تک وارنٹ سے متعلق رپورٹ جمع کرائی جائے، جس کے بعد سماعت میں 2 بجے تک وقفہ کر دیا گیا۔

واضح رہے کہ اسلام آباد کی عدالت پہلے ہی متنازع ٹوئٹ کیس میں عدم پیشی پر ایمان مزاری اور ہادی علی کی ضمانت منسوخ کر چکی ہے۔

Back to top button