محسن عباس کی مختصر فلم ’میں شاہ رخ خان ہوں‘ ریلیز

نامور اداکار، کامیڈین اور گلوکار محسن عباس حیدر کی جذبات سے بھرپور 22 منٹ کی مختصر فلم ’میں شاہ رخ خان ہوں‘ کو ریلیز کردیا گیا ہے۔ لکھاری حمزہ ابن وصی کی لکھی گئی مختصر فلم کی ہدایات بدر محمود نے دی ہیں اور اس کی موسیقی عدیل اے ڈی نے تیار کی ہے۔ 22 منٹ دورانیے کی مختصر فلم میں محسن عباس حیدر کو مختلف کردار اور روپ دھارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
اس فلم کی کہانی ’شناخت‘ کے گرد گھومتی ہے، فلم میں دکھایا گیا ہے کہ اداکاری کے شوق میں محسن اپنی اصل شناخت کھو بیٹھتے ہیں اور وہ اداکاری اور شوبز کے چکر میں ’شاہ رخ خان‘ بن جاتے ہیں۔ محسن سے شاہ رخ خان بننے پر محسن کو اپنی اصل شناخت کھونے کا احساس ہوتا ہے اور وہ تنگ آکر واپس محسن کی دنیا میں جانا چاہتا ہے۔ ایک ہی شخص کی مختلف شناخت اور پہچان کی کہانی پیش کرتی مختصر فلم میں محسن عباس نے متعدد کردار ادا کیے ہیں اور انہوں نے جذبات سے بھرپور شاندار اداکاری کی ہے۔
فلم میں محسن عباس حیدر کو محسن کے علاوہ شاہ رخ خان، وکیل، پولیس افسر اور جج کے کردار ادا کرتے دکھایا گیا ہے۔ فلم میں جذبات اور فلسفے کو دکھایا گیا ہے اور شائقین نے مختصر فلم میں محسن عباس حیدر کی اداکاری کی تعریفیں کیں۔’میں شاہ رخ خان ہوں‘ کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا ہے، جہاں اسے اب تک ہزاروں افراد دیکھ چکے ہیں۔
