محسن نقوی کی سعودی وزیرِ کھیل سے ملاقات، کرکٹ تعاون بڑھانے پر اتفاق

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ریاض میں سعودی عرب کے وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل سے اہم ملاقات کی۔
تفصیلات کے مطابق ملاقات میں سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور پاکستان و سعودی عرب کے درمیان اسپورٹس تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
فریقین نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے متعلقہ ادارے باہمی رابطوں کو تیز کریں گے اور عملی منصوبہ بندی کے ذریعے مشترکہ اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، تاکہ نوجوانوں کو بہتر اور مثبت مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل وژن 2030 کے تحت کھیلوں کے شعبے کو غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ انفراسٹرکچر کی ترقی، مشترکہ ٹریننگ پروگرامز، باہمی دورے اور جونیئر و یوتھ لیول ٹورنامنٹس دونوں ممالک کے نوجوان کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کر سکتے ہیں۔
