محکمہ موسمیات نےبارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کر دی

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں موسم سرد رہے گا جبکہ آسمان جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ تاہم گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اور کشمیر میں بادل چھائے رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی محسوس کی گئی۔ اس دوران بالائی خیبرپختونخوا اور شمال مشرقی بلوچستان کے بعض مقامات پر بارش اور برفباری بھی ہوئی۔
بارش کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں مالم جبہ میں 12 ملی میٹر، لوئر دیر اور کالام میں 3، جبکہ پٹن میں 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان میں کوئٹہ کے علاقوں سمنگلی میں 5 اور شیخ مندہ میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اسی طرح مالم جبہ میں 6 انچ برفباری ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کے روز ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت کے مطابق لہہ اور گوپس میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ، کالام میں منفی 5، مالم جبہ میں منفی 4 جبکہ اسکردو میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
