مذاکرات کیلئےعمران خان سے مشاورت ضروری ہے،پی ٹی آئی کاحکومت کوجواب

تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ اگر کوئی بامعنی بات کرنا چاہے گا تو اس حوالے سے عمران خان سے مشاورت کی جائے گی کہ آگے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ پی ٹی آئی پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اسی راستے پر آگے بڑھے گی، تاہم اگر بات ہی نہ سنی جائے تو مذاکرات کے نام پر بیٹھ کر بسکٹ کھانے کا کوئی مقصد نہیں بنتا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے نہ تو مذاکرات کا ماحول نظر آتا ہے اور نہ ہی نیت دکھائی دیتی ہے، جبکہ مذاکرات کا مینڈیٹ محمود اچکزئی اور راجا ناصر عباس کے پاس ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ عمران خان سے وکلا، ان کی بہنوں اور سیاسی رہنماؤں کی آزادانہ ملاقات ہونی چاہیے۔

سلمان اکرم راجا کا کہنا تھا کہ ایک بیانیہ بنایا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی انتہا پسند ہے اور بات چیت نہیں چاہتی، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ حکومت کی مذاکراتی پیشکش میں کوئی سنجیدگی نظر نہیں آ رہی۔

انہوں نے واضح کیا کہ یہ ممکن نہیں کہ عمران خان کو جیل میں رکھا جائے اور پھر کہا جائے کہ مذاکرات کی میز پر بسکٹ کھا کر بات چیت کریں۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ قبائلی علاقوں کی بہتری کے لیے جو رقم وفاق کو ملنی تھی وہ خیبرپختونخوا حکومت کو نہیں دی گئی، حالانکہ 25ویں آئینی ترمیم کے بعد قبائلی اضلاع صوبے کا حصہ بن چکے ہیں۔

Back to top button