مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ایک دوسرے کو معاف کریں: محمود اچکزئی

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری مذاکرات کے لیے تیار ہیں، آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم معاف کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی جانب سے دو روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جنید اکبر نے کہا کہ نئی شروعات کی ضرورت ہے، مل کر بیٹھیں، ہم اپنی اصلاح کریں گے اور آپ بھی اپنی اصلاح کریں۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ جب اس طرح کے فیصلے ہوں گے جیسا کہ آج ہوا ہے تو عوام میں مایوسی پھیلے گی۔

اس موقع پر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آج توشہ خانہ ٹو کے فیصلے کی توقع نہیں تھی، ہم اقتدار نہیں بلکہ اصولوں کی جنگ لڑنا چاہتے ہیں۔

سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا کہ وہ ٹکراؤ کی سیاست کے قائل نہیں، سب کو مکالمے کی دعوت دیتے ہیں مگر بات آگے نہیں بڑھ پاتی۔

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ پُرامن سیاسی جدوجہد کے ذریعے ہی آگے بڑھنا ہوگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے ایک بار پھر کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جمہوری ڈائیلاگ کے لیے تیار ہیں، آئیں ایک دوسرے کو معاف کریں، ہم معاف کرتے ہیں۔

Back to top button