مراکش میں طوفانی بارشیں، سیلاب سے 37 افراد ہلاک

مراکش میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے 37 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق مراکش کے بحر اوقیانوس کے ساحلی صوبے صافی میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں 37 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مراکش کو سات سالہ خشک سالی کے بعد اٹلس کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش اور برف باری کا سامنا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیلاب کے باعث متعدد افراد لاپتا ہو گئے ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو اور سرچ آپریشن جاری ہے، جبکہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اسکولوں کو تین روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے، جس کے باعث تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہوئیں، جبکہ کم از کم 70 مکانات اور دکانیں بھی سیلاب کی زد میں آ گئی ہیں۔
