مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی ہونے والی بہو کون ہیں؟

مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بیٹے جنید صفدر کا نکاح 22 اگست 2021 کو لندن میں عائشہ سیف سے ہوگا جو کہ نواز شریف کے پرانے ساتھی سیف الرحمٰن خان کی بیٹی ہیں۔ سیف کو 1997 میں نواز شریف نے بطورِ وزیر اعظم دوسری مدت کے دوران احتساب بیورو کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔
مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی جانب سے دعوت نامے کی تصویر شیئر کرنے کے بعد سے جنید کے نکاح کی تقریب سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی۔ مریم نواز کے بیٹے کا نکاح کس سے اور کہاں ہوگا، اس میں کون شریک ہوگا ہم آپ کو بتاتے ہیں۔
مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر 2018 میں تب خبروں کا حصہ بنے تھے جب مریم نواز اور نواز شریف عام انتخابات سے قبل پاکستان واپس آئے تھے۔ وطن واپسی سے قبل مریم نواز نے اپنے بچوں سے ملتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی تھی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ اسی روز جنید صفدر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں جس میں وہ اور ان کے کزن زکریا کو ایک نوجوان کو مُکے مارنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ واقعہ تب ہوا جب ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر پی ٹی آئی کے مظاہرین سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف نعرے لگا رہے تھے اور مطالبہ کر رہے تھے۔ اس دوران ایک شخص نے جنید صفدر اور ان کے کزن زکریا حسین کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس پر دونوں مشتعل ہوگئے اور اسے زمین پر گرا کر مکے مارے۔ واقعے کے اگلے روز لندن میٹروپولیٹن پولیس نے انہیں رہا کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں مشتعل کرنے والوں کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا۔
اسی ماہ جولائی میں جنید کی پاکستان آمد پر یہ خبریں چلیں کہ مسلم لیگ (ن) انتخابی مہم کے لیے 23 سالہ جنید کو متعارف کرانے پر غور کررہی ہے۔ تاہم برطانیہ کی یونیورسٹی میں سیاسیات کے طالب علم جنید صفدر نے عام انتخاب کی مہمات میں اہم کردار ادا نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد سے جنید صفدر عوامی منظر نامے سے غائب رہے۔ پھر رواں برس جولائی میں وزیراعظم عمران خان نے ایک تقریر میں ان کے پولو میچ کا مختصر ذکر کیا تھا جس میں نواز شریف نے بھی شرکت کی تھی۔
مریم نواز کی جانب سے شیئر کیے گئے شادی کے دعوت نامے کے مطابق جنید صفدر کا نکاح 22 اگست 2021 کو عائشہ سیف سے ہوگاجو نواز شریف کے قریبی ساتھیی سیف الرحمٰن خان کی بیٹی ہیں۔ سیف کو 1997 میں نواز شریف نے بطورِ وزیر اعظم دوسری مدت کے دوران احتساب بیورو کا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا۔ مریم نواز کے بیٹے کے نکاح کی تقریب لندن کے ایک 5 اسٹار ہوٹل میں منعقد ہوگی جو 1719 سے تاحال موجود ہے۔ دی لینس بورو ہوٹل، ہائیڈ پارک کارنر پر نائٹس برج میں واقع ہے۔سال 2015 میں اس ہوٹل کو دی ٹیلی گراف کی جانب سے لندن کا مہنگا ترین ہوٹل قرار دیا گیا تھا۔ باربرا والٹرز، میڈونا، جارج بش سینئر، چیر، آرنلڈ شوارزنیگر، سلویسٹر اسٹالون، جونی ڈیپ، مائیکل بولٹن، ماریہ کیری اور پامیلا اینڈرسن سمیت کئی شوبز اور معروف شخصیات اس ہوٹل میں قیام کرچکی ہیں۔ اس میں میشلین اسٹار ریسٹورنٹ بھی ہے جو اپنے میٹھے پکوانوں کی وجہ سے مقبول ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہے کہ جنید صفدر کے نکاح میں یہ شامل ہوں گے یا دیسی پکوان پیش کیے جائیں گے۔
جنید صفدر کے نکاح میں ان کی والدہ مریم نواز شرکت نہیں کر پائیں گی کیونکہ انہیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس موقع پر بیرون ملک سفر کی اجازت کے لیے حکومت کو کوئی درخواست نہیں دیں گی۔
کچھ ایسا ہی معاملہ کیپٹن صفدر کے ساتھ بھی ہے اور وہ بھی اپنے بیٹے کے نکاح کی تقریب میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ تاہم چونکہ نواز شریف لندن میں ہیں تو وہ اپنے نواسے کے نکاح میں شریک ہوں گے۔ اسکے علاوہ سابق وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کے بھی اس نکاح میں شرکت کریں گے۔ دلہے کے دوست اور رشتے داروں کے علاوہ ان کے نکاح میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی رہنما شرکت کرے گا۔
