مریم نواز کا دوسرا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا

 مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف کا دوسرا کرونا ٹیسٹ بھی مثبت آ گیا ہے۔ خاندانی ذرائع نے ان کی بیماری میں ابھی تک مبتلا ہونے کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی علامات میں نمایاں کمی آئی تاہم کرونا وائرس ختم نہیں ہوا۔ ڈاکٹرز نے مریم نواز کو مزید احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

خیال رہے کہ مریم نواز شریف گزشتہ ماہ سے کرونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ مریم نواز کے بیماری میں مبتلا ہونے کی سب سے پہلے اطلاع مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے دی تھی۔انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ مریم نواز شریف کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آیا ہے جس کے بعد انھوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ انہوں نے مریم نواز شریف سمیت تمام مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اپیل تھی۔

میاں شہباز شریف نے بھی مریم نواز کی بیماری کے حوالے سے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بیٹی مریم نواز کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر افسوس ہے۔ اللہ تعالیٰ میری بیٹی سمیت تمام مریضوں کا صحت کاملہ عطا فرمائے اور سب کو اپنی حفاظت میں رکھے۔

خیال رہے ان دنوں پاکستان میں عالمی وبا کرونا وائرس کی چوتھی لہر جاری ہے۔ لاہور سمیت پورے ملک میں بھارتی ڈیلٹا قسم کے وائرس کے متعدد کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ حکام کی جانب سے بار بار شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ اس وبائی مرض کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل کرکے ناصرف اپنی بلکہ دوسروں کی زندگی کو بھی محفوظ بنائیں۔

Back to top button