مریم نواز کی نیب آفس پیشی: ن لیگ کی حکمت عملی تیار

مریم نواز کی نیب آفس میں پیشی کےلیے مسلم لیگ (ن) نے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی۔ کل 26 مارچ کو مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب لاہور نے طلب کر رکھا ہے، مریم نواز نیب آفس پیش ہوں گی، اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی ہے۔
ذرائع (ن) لیگ نے بتایا ہے کہ مریم نواز جاتی امراء کے بجائے ماڈل ٹاؤن سے نیب آفس کےلیے روانہ ہوں گی، اس حوالے سے لاہور ڈویژن سے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی عہدیداروں اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں کو ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔ ذرائع نے بتایا کہ رکن قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنے ساتھ قافلے کےلیے 200 کارکنوں کو ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے، مریم نواز ریلی کی صورت میں فیروز پور روڈ سے ہوتے ہوئے براستہ کنال روڈ نیب آفس ٹھوکر نیاز بیگ پہنچیں گی۔ ریلی کے راستے میں جگہ جگہ استقبالیہ کیمپ بھی لگائے جائیں گے، جب کہ مسلم ٹاؤن موڑ پر بڑا استقبالیہ کیمپ لگایا جائے گا۔ ذرائع (ن) لیگ کے مطابق اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز بھی مریم نواز کے ہمراہ ریلی کی قیادت کریں گے، ریلی کے شرکاء کےلیے پارٹی پرچم، فلیکس، پھولوں کی پتیاں اور پینے کی پانی کی بوتلیں، کھانے کےلیے مختلف اراکین اسمبلی کی ڈیوٹیاں لگا دی گئیں، ٹرانسپورٹ، استقبالیہ کیمپ، ساؤنڈ اور ٹرک کےلیے ڈیوٹیاں تفویض کر دی گئی ہیں۔
