مریم نواز کی پیشی : نیب آفس لاہور پر رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی منظوری دیتے ہوئے رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
مریم نواز کی 26 مارچ کو نیب پیشی کے حوالے سے نیب لاہور نے وفاقی وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت کو رینجرز اور پولیس کی تعیناتی کےلئے درخواست دی جس میں نیب دفتر کو ریڈ زون قرار دینے کی بھی استدعا کی گئی۔وفاقی وزارت داخلہ نے نیب آفس لاہور کی سیکورٹی کیلئے رینجرز تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ نیب آفس کے احاطے کی سیکورٹی رینجرز اور پولیس کے سپرد ہوگی۔ پنجاب حکومت نے بھی نیب آفس کو ریڈ زون قرار دینے کی نیب لاہور کی درخواست منظور کرلی۔
علاوہ ازیں نیب لاہور میں مریم نواز کی 26 مارچ کو پیشی کے دوران گرفتاری کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں تاہم ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے مریم نواز کی گرفتاری کے کوئی امکانات موجود نہیں۔لاہور ہائی کورٹ نے نیب اور مریم نواز سے 7 اپریل 2021 کو جواب طلب کر رکھا ہے اور ہائی کورٹ میں کیس کا جواب جمع کروانے کیلئے مریم نواز کو طلب کیا گیا ہے۔ ان کیلئے چوہدری شوگر ملز کیس میں صرف سوالنامہ رکھا جائے گا۔ چوہدری شوگر ملز کیس کی پیشی مکمل ہونے پر جاتی عمرہ اراضی کیس میں سوال ہونگے۔ تفتیش کا ریکارڈ نیب حکام ہائی کورٹ کے روبرو پیش کرینگے۔
دوسری طرف وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورت حال خراب کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے اور کرونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی نیب لاہور میں پیشی سے متعلق نیب نے سکیورٹی اداروں کو نیب عمارت کی فول پروف سکیورٹی کےلیے درخواست کی تھی ، مریم نواز کی پیشی کے وقت نیب لاہور کے دفتر کے باہر پی ڈی ایم کے کارکنان کی جانب سے اجتماع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیب نے وزارت داخلہ سے رینجرز تعینات کرنے کا مطالبہ کیا تھا، وزارت داخلہ کے لکھے گئے خط میں نیب نے مطالبہ کیا ہے کہ لاہور آفیس کے باہر رینجر کی تعیناتی کے احکامات جاری کیے جائیں، خط میں لکھا گیا ہے کہ نیب آفس کے باہر ممکنہ اجتماع کی وجہ سے صورت حال خراب ہو سکتی ہے۔


اس پر ردعمل دیتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے! جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ بھی کیا، نیب نے دورانِ حراست جو سلوک کیا، اس کا حساب ابھی باقی ہے، قوم کے سامنے ناموں سمیت سب آئے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر نیب کی پریس ریلیز پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ڈرتے ہیں نیب والے ایک نہتی لڑکی سے! اسی نہتی لڑکی سے جس پر نیب نے قاتلانہ حملہ کیا اور جو سلوک نیب نے دورانِ حراست مریم سے رکھا، اس کی تفصیل اور حساب ابھی باقی ہے۔ سب آئے گا قوم کے سامنے، ناموں سمیت۔ان شاءاللہ!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button