مسافر طیارے سے حکام کا رابطہ منقطع، 2 درجن سے زائد مسافر لاپتا

روس کے مشرقی بعید میں جزیرہ نما علاقے کامچاٹکا میں متعلقہ حکام کا 2 درجن سے زائد افراد کو لے جانے والے ایک مسافر طیارے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق مقامی ٹرانسپورٹ پراسیکیوٹر کے دفتر کی ترجمان ویلینٹینا گلازوفا نے بتایا کہ اے این 26 کامچاٹکا کے مرکزی شہر پیٹرو پاولوسک – کامچاٹسکی سے پلانا شہر جا رہا تھا کہ اچانک وہ غائب ہوگیا اور شیڈول کے مطابق اترنے میں ناکام رہا۔

انہوں نے بتایا کہ 29 افراد اس طیارے میں سوار تھے جن میں 23 مسافر اور 6 عملے کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’طیارے کی تلاش اور ریسکیو کی کوششیں جاری ہیں، اس وقت بس اتنی ہی معلومات ہیں کہ طیارے کے ساتھ رابطہ منقتطع ہوگیا ہے اور یہ لینڈ نہیں ہوا‘۔

انہوں نے بتایا کہ یہ روس کے مشرق بعید میں بحر الکاہل میں واقع ایک وسیع جزیرہ نما علاقے کامچاٹکا کی ایک مقامی ایوی ایشن کمپنی کا طیارہ تھا۔

دوسری جانب روسی خبر رساں اداروں نے مقامی عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ جہاز میں 28 افراد سوار تھے جن میں 6 عملے کے اور ایک یا دو بچے بھی شامل ہیں۔

اس کی متضاد اطلاعات سامنے آئی ہیں ایک ذرائع کے مطابق نیوز ایجنسی کو بتایا گیا ہے کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوسکتا ہے اور دوسرے کا کہنا ہے کہ یہ پلانا کے قریب کوئلے کی کان کے قریب گر گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق کم از کم دو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے تلاش شروع کردی گئی ہے اور ریسکیو اہلکاروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔

روس جو کبھی طیارے حادثات کے تواتر سے ہونے والے واقعات کی وجہ سے بدنام تھا، نے حالیہ برسوں میں اپنے ایئر ٹریفک کی حفاظت کے ریکارڈ میں بہتری لانے میں کامیاب رہا ہے۔

تاہم طیاروں کی دیکھ بھال اور حفاظت کے ناقص معیارات اب بھی برقرار ہیں اور حالیہ برسوں میں ملک میں کئی فضائی حادثات دیکھنے میں آئے ہیں۔

روس آخری بڑا حادثہ مئی 2019 میں ہوا تھا جب روس کی سرکاری ایئرلائن ایرو فلوٹ سے کے ایک سکھوئی سپر جیٹ ماسکو ایئرپورٹ کے رن وے پر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 41 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

فروری 2018 میں ماسکو کے قریب ٹیک آف کے فوراً بعد ہی ایک ساراتوف ایئرلائن کا اے این 148 طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار تمام 71 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

بعد ازاں تفتیش میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا تھا کہ یہ حادثہ انسانی غلطی کی وجہ سے ہوا ہے۔

اگست 2019 میں 230 سے زائد افراد پر مشتمل ایک اورل ایئرلائن کی پرواز نے ٹیک آف کے فوراً بعد پرندے کے انجن میں پھنس جانے کے باعث ماسکو میں مکئی کے کھیت میں لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا تھا۔

فروری 2020 میں شمالی روس میں لینڈنگ نظام کی خرابی کے باعث بوئنگ 737 نے کریش لینڈنگ کی تھی جس میں اس میں سوار مسافر اور عملے کے 100 افراد بچ گئے تھے۔

Back to top button