مستونگ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے علاقے مستونگ میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں سے مقابلے میں 11 مشتبہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ترجمان سی ٹی ڈی نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی اور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے کوئٹہ سے 60 کلومیٹر دور مستونگ کے علاقے میں مشترکہ کارروائی کی۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے کمپاؤنڈ کا محاصرہ کرکے مسلح افراد سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا لیکن انہوں نے فائرنگ شروع کردی، سیکیورٹی اہلکاروں نے پوزیشن سنبھالتے ہوئے جوابی فائرنگ کی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ‘فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے کمپاؤنڈ میں موجود 11 دہشت گرد مارے گئے، دہشت گرد کمپاؤنڈ کو اپنے ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق داعش سے تھا، جبکہ کمپاؤنڈ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
