مسجد نبوی کی بےحرمتی پرمتعدد پاکستانی زائرین گرفتار

سعودی حکومت نے مسجد نبوی کا تقدس پامال کرنے پرمتعدد پاکستانی زائرین کوگرفتارکر لیا۔
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے نے پاکستانیوں کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔ سعودی سفارت خانے سے جاری بیان کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد میں سے چند کو قوانین کی خلاف ورزی اور مقدس مقامات کی توہین کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے
گزشتہ روز وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں پاکستانی وفد کی مسجد نبوی آمد کے موقع پرکچھ افراد نے نامناسب نعرے بازی کی تھی اور مسجد کا تقدس پامال کیا تھا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب کو گالیاں دی گئیں اور شاہ زین بگٹی کے بال بھی کھینچے گئے تھے۔ وزیراعظم اپنے وفد کے ہمراہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچے تھے۔ ان کے ہمراہ دورے پر بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسمٰعیل، نوابزادہ شاہ زین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، محسن داوڑ اور مولانا طاہر اشرفی سمیت دیگر بھی موجود تھے، تاہم گزشتہ روز مسجد نبویﷺ میں اس وقت افسوسناک مناظر دیکھنے کو ملے تھے جب وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کا وفد وہاں پہنچا، سوشل میڈیا پر زیر گردش ویڈیوز کے مطابق مسجد میں موجود پاکستانی زائرین نے وزیر اعظم کو دیکھتے ہی ’چور‘ کے نعرے لگانا شروع کردیئے۔
ٹوئٹر پر وائرل ایک اور ویڈیو میں زائرین کو وفاقی وزرا مریم اورنگزیب اور شاہ زین بگٹی سے بدتمیزی اور انہیں گالیاں دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جہاں ان دونوں وزرا کو سعودی حفاظتی گارڈز نے گھیرے میں لے رکھا تھا۔
اس واقعے پر ملک بھر سے شہریوں نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
