مسز ورلڈ بننے والی کشمیری ماڈل سرگم کوشل کون ہیں؟

دنیا کی خوبصورت ترین خاتون کا اعزاز حاصل کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن اب تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ اعزاز مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے ماڈل سرگم کوشل نے جیت لیا ہے۔میری بیٹی نے میرا خواب پورا کر دیا ہے جب انھیں تیسرے راؤنڈ کے لیے منتخب کیا گیا تو میرے دل کی دھڑکن اتنی تیز تھی کہ میں بتا نہیں سکتا۔ اب مجھے خدا سے کچھ نہیں چاہئے۔

یہ کہنا ہے مسز ورلڈ کا خطاب جیتنے والی سرگم کوشل کے والد جی ایس کوشل کا جو اپنی بیٹی کے جیتنے پر بہت خوش ہیں، سرگم کوشل کا تعلق کشمیر کی ریاست جموں سے ہے، مگر آج کل وہ ممبئی میں رہتی ہیں۔ ان کی والدہ مینا کوشل ان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ جب وہ کپڑے پہننے کے بعد خود کو آئینے میں دیکھتی تھی تو ایسا لگتا تھا کہ وہ کچھ کرے گی۔ اگرچہ وہ دبلی پتلی تھی، اگرچہ وہ اس طرح کے مقابلے میں حصے لینے کے لیے ہچکچاہٹ کا شکار تھی لیکن سرگم اور ان کی ٹیم کی محنت کی وجہ سے وہ یہاں تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی، یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے، سرگم نے نہ صرف انڈیا بلکہ ہمارا بھی نام بلند کیا ہے۔

سابق مسز ورلڈ ادیتی گووتریکر، سرگم کوشل کے مقابلے بارے بتاتی ہیں کہ میں اس پینل کا حصہ تھی جس نے اس مقابلے کے لیے انڈیا سے شرکا کا انتخاب کیا، میں نے تب ہی کہا تھا کہ سرگم کے پاس ایکس فیکٹر ہے اور اس بار ہم ضرور یہ ٹائٹل جیتیں گے، سرگم کوشل نے امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں منعقدہ مسز ورلڈ 2021-2022 مقابلے کا خطاب جیتا ہے۔ اس خبر کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے، سرگم کوشل نے کہا کہ طویل انتظار ختم ہوا، ہمیں 21 سال بعد تاج واپس ملا ہے، جموں میں مقیم ان کے والد جی ایس کوشل نے بتایا کہ جب میری بیٹی ڈھائی سال کی تھی تو مجھے وہ غیر معمولی معلوم ہوئی، اس کا چہرہ منفرد تھا۔ میری خواہش تھی کہ وہ بھی مسز فیمینا کے پاس جائے لیکن اس کے اندر کسی بھی مقابلہ حسن میں شرکت کے حوالے سے ہچکچاہٹ تھی۔

سرگم کوشل نے 12ویں جماعت تک پریزنٹیشن کانونٹ ہائی سکول جموں میں تعلیم حاصل کی ہے۔ اس کے بعد انھوں نے بی ایس سی کی اور پھر جموں یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں پوسٹ گریجوئیشن مکمل کی۔ بی ایڈ کرنے کے بعد انھوں نے ایک سکول میں پڑھانا شروع کر دیا۔ان کے والد کا کہنا تھا کہ میں ہمیشہ سے چاہتا تھا کہ وہ مقابلہ حسن میں حصہ لے۔ 2017 میں ہم نے سرگم کی شادی کی جس کے بعد وہ وشاکھس پٹنم منتقل ہو گئیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ سرگم کی شادی کے بعد میں نے ان سے کہا اب کچھ کرو۔ وہ وشاکھا پٹنم کے بعد ممبئی چلی گئیں۔ اس کے بعد بھی میں نے کہا کہ اب تم مایا نگری پہنچ گئی ہو، کچھ کرو پھر اس نے مقابلے میں حصہ لینے کیلئے کام شروع کیا اور اس کے شوہر نے اس کا بھرپور ساتھ دیا۔ یاد رہے کہ سرگم کوشل کے شوہر انڈین بحریہ میں افسر ہیں۔

Back to top button