معروف اداکار فردوس جمال میں کینسر کی تشخیص

بے شمار سٹیج ڈراموں، تھیٹرز، فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کو منوانے والے سینئر اداکار فردوس جمال کینسر کے موذی مرض میں مبتلا ہو گئے ہیں، انکے بیٹے حمزہ فردوس نے والد کیساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے انکے کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ حمزہ کے مطابق ان کے والد کا جلد ہی شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال میں علاج شروع ہوگا اور انہیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوجائیں گے، ان کا کہنا یے کہ ان کے والد اکیلے نہیں ہیں، انکے اہل خانہ، مداح اور ان کے دوست فردوس جمال کے ساتھ ہیں۔ حمزہ فردوس نے لکھا کہ یہ زندگی ہے اور اس میں مشکل وقت بھی آتے ہیں، اس لیے گھبرانے کی کوئی بات نہیں، انکے مطابق ان کے والد کو خطرات اور مشکلات زیادہ پسند ہیں، وہ مشکل حالات کے باوجود اداکار بنے اور ہر بار مشکلات کے بعد حالات ان کے حق میں بدل جاتے ہیں اور اس بار بھی وہ مضبوطی سے واپس آئیں گے۔ حمزہ فردوس نے مداحوں سے والد کی جلد صحت یابی سے متعلق دعا کرنے کی اپیل بھی کی اگرچہ حمزہ فردوس نے والد کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی، تاہم انہوں نے ان کی بیماری کی سنگینی سے متعلق نہیں بتایا اور نہ ہی یہ بتایا کہ وہ کس کینسر میں مبتلا ہوگئے۔
یاد رہے کہ زائد العمری کے باوجود فردوس جمال معمر نہیں لگتے اور انہیں شوبز دنیا میں متحرک دیکھا جاتا ہے، وہ ٹی وی شوز سمیت کئی ڈراموں میں بھی دکھائی دیتے ہیں، فردوس جمال نے 1970 کے بعد پاکستان ٹیلی وژن کے پشاور سینٹر سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔ ابتدائی طور پر انہوں نے ہندکو اور پشتو ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔ ان کا شمار 1980 سے 1990 کے مقبول ٹی وی اداکاروں میں ہوتا ہے، انہیں ان کی شاندار اداکاری کی بدولت 1986 میں صدارتی ایوارڈ حسن برائے کارکردگی سے بھی نوازا گیا تھا، فردوس جمال نے کم از کم 300 ڈراموں اور 100 سے زائد تھیٹرز اور ریڈیو ڈراموں کے علاوہ 4 درجن سے زائد فلموں میں بھی کام کیا۔ فردوس جمال نے اداکاری کے علاوہ ہدایت کاری، گلوکاری اور پروڈکشن میں بھی قسمت آزمائی کی، ان کے بڑے صاحبزادے حمزہ فردوس بھی اداکار ہیں۔ فردوس نے اپنے سبھی ڈراموں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن ان کے قابل ذکر ڈراموں میں وارث، سائے بان شیشے کا، من چلے کا سودا، محبوب، پاگل احمق بیوقوف، ساحل، پیاری، دھوپ دیواراور رسوائیاں شامل ہیں۔ فردوس جمال کی مشہور فلموں میں مفت بر، ڈائریکٹ حوالدار، سلسلہ، چاندی اور 2016 میں ریلیز ہونے والی ریوینج آف دی ورتھ لیس شامل ہیں۔
