معروف بھارتی ٹی وی اداکار بیوی پر تشدد کے الزام میں گرفتار

بھارتی ٹی وی کے معروف اداکارکرن مہرا کو بیوی پر تشدد کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی نجی چینل کے مقبول ڈرامے ’’یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘‘ میں مرکزی کردار اداکرنے والے اداکار کرن مہراکو بیوی پر تشدد کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔
اداکار کرن مہرا نے گھریلو جھگڑے پر اپنی بیوی نشا راول جو خود بھی ادکارہ ہیں کو مبینہ طور دیوار پر دھکا دیا جس سے ان کے سر پر چوٹ آئی، جس کے بعد نشا نے پولیس سے رجوع کیا۔اس واقعے کی ایف آئی آر آئی پی سی کی دفعہ 336 اور 337 کے تحت درج کی گئی اور پیر کی شب گورے گاؤں پولیس نے اداکار کرن مہرا کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کرن مہرا کو پولیس نے ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اداکار کرن مہرا اور نشا راول گزشتہ 8 برسوں سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہیں اور دونوں کا ایک چار سال کا بیٹا ہے۔ اس واقعے سے قبل ان دونوں کی جوڑی کو بھارتی ٹی وی کی سب سے خوبصورت اور خوشگوار جوڑی قرار دیا جاتا تھا اور نشا نے اس سے پہلے کبھی اپنے شوہر کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کروائی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ کچھ مہینوں سے افواہیں گردش کررہی تھیں کہ کرن مہرا اور نشا راول کی شادی شدہ زندگی مشکلات سے دوچار ہے لیکن دونوں نے ہی ان افواہوں کی سختی سے تردید کی تھی۔ تاہم حالیہ ہونے والے واقعے نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ ان دونوں کی شادی میں مسائل چل رہے ہیں۔یاد رہے کہ اداکار کرن مہرا کو بھارتی نجی ٹی وی کے ڈرامے ’’یہ رشتہ کیا کہلا تا ہے‘‘ میں نیتیک سنھگانیہ کے کردار سے شہرت ملی تھی۔ ان کا ڈراما بھارت کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی بہت شوق سے دیکھا جاتا تھا۔ اس ڈرامے میں انہوں نے اداکارہ حنا خان کے مقابل مرکزی کردار ادا کیا تھا۔

Back to top button