معین اختر آج بھی میرے اسکرپٹ کا حصہ ہے

پاکستان کے نامور مصنف اور میزبان انور مقصود کے بیٹے گلوکار بلال مقصود نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے انور مقصود سے مداحوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیے۔
ویڈیو میں بلال مقصود نے بتایا کہ ان سے سب سے زیادہ یہ سوال پوچھا گیا کہ انور مقصود نوجوان نسل کو کیا مشورہ دینا چاہیں گے؟۔ اس پر انور مقصود کا کہنا تھا کہ ’میں بس یہی کہوں گا کہ پیسے کا ہونا اور پیسہ کمانا اچھی بات ہے لیکن اس کے پیچھے کبھی نہیں بھاگنا چاہیے، جو کچھ ہے آپ کے پاس اسے ایسا سوچ کر جئے کہ بہت ہے، کیوں کہ خواہشات تو زندگی بھر بڑھتی ہی جاتی ہیں‘۔
ایک موقع پر بلال مقصود نے ان سے سوال کیا کہ پاکستان قوم کب جاگے گی؟ تو اس پر انہوں نے مزاحیہ و تنقیدی انداز میں کہا کہ ’جس دن یہ مارننگ شوز بند ہوگئے اس دن قوم سو کر اٹھ جائے گی اور جاگ جائے گی‘۔
اس دوران بلال مقصود نے ان سے پوچھا کہ ان کی زندگی کا سب سے مشکل دور کونسا تھا، جس پر انور مقصود نے بتایا کہ سب سے مشکل دور وہ تھا جب انہوں نے بینکنگ کی، لیکن اس مشکل دور نے ہی انہیں دو راستے دکھائے جو پر چل کر وہ آج یہاں پہنچے۔


بلال مقصود نے انور مقصود سے پاکستان لوگوں کے ترک ڈراموں کو پسند کرنے جنون کے حوالے سے بھی پوچھا۔
جس پر انور مقصود کا کہنا تھا کہ ’وہ ترکی ہیں ہم ٹھرکی ہیں، اسی لیے پیچھے پڑے ہیں‘۔
لیکن اس ویڈیو کا سب سے یادگار لمحہ وہ تھا جب بلال مقصود نے انور مقصود سے معین اختر کے حوالے سے سوال کیا۔
بلال مقصود نے انور مقصود سے کہا کہ بہت سارے لوگوں نے ان سے معین اختر کے حوالے سے سوال کیا، ’کیا آپ کو ان کی یاد آتی ہے؟‘
انور مقصود نے ایک شعر سناتے ہوئے کہا کہ معین اختر کی یاد نے انہیں آج تک نہیں چھوڑا، انہوں نے کہا کہ وہ 32 سالوں تک معین اختر کےلیے لکھتے رہے۔
انور مقصود کے مطابق ’جو بڑے لوگ ہوتے ہیں وہ نظروں سے تو دور چلے جاتے ہیں لیکن ہوتے وہ یہیں ہیں، معین ہر گھر میں ہیں ہر کسی کے دل میں ہیں‘۔
یاد رہے کہ انور مقصود اور معین اختر نے یادگار شو ’لوز ٹاک‘ میں سالوں تک ایک ساتھ کام کیا۔
اس حوالے سے انور مقصود کا کہنا تھا کہ ’اکثر میں لوز ٹاک جیسا کوئی پروگرام لکھتا ہوں تو اپنا نام لکھنے کے بعد اگلی لائن میں معین کا نام ہی لکھ دیتا ہوں، پھر کاٹنا پڑتا ہے اور کسی اور کا نام لکھنا پڑتا ہے‘۔
خیال رہے کہ 9 برس قبل 22 اپریل 2011 کو نمکین، کرارے اور برجستہ جملے بولنے والے مقبول فنکار معین اختر اس دنیا سے رخصت ہوئے تھے۔ان کا انتقال حرکت قلب بند ہونے سے ہوا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button