’’مغل اعظم‘‘ کی شوٹنگ پر پرتھوی راج کے پاؤں زخمی کیوں ہوئے؟

یہ بالی وڈ کی کلاسیکی فلم ’مغلِ اعظم‘ کی شوٹنگ کا ایک منظر ہے، پرتھوی راج کپور مغلِ اعظم کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ سیٹ پر موجود ہیں اور آرام کرسی پر چائے کے سپ لے رہے ہیں اور سگریٹ پی رہے ہیں۔جب فلم کے ہدایت کار کے آصف ان سے فلم کا شاٹ کرنے کیلئے تیار ہونے کا کہتے ہیں تو وہ میک اَپ روم کا رُخ کرتے ہیں اور کہتے ہیں، ’پرتھوی راج کپور اب جا رہا ہے اور وہ جب تیار ہو کر باہر آتے ہیں تو کہتے ہیں، ’اکبر اب آ رہا ہے۔یہ 1951 کی بات ہے جب راج کپور شہرہ آفاق فلم ’’آوارہ‘‘ پر کام کر رہے تھے جس میں راج کپور کے علاوہ ان کے والد پرتھوی راج کپور اور دادا دیوان بشیشوار ناتھ کپور بھی کردار ادا کرتے نظر آئے۔یہ سنیما کی تاریخ کی غالباً ایسی پہلی فلم تھی جس میں تین نسلوں نے ایک ساتھ کام کیا۔ 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم ’کل، آج اور کل‘ میں پرتھوی راج کپور، راج کپور اور ان کے صاحب زادے رندھیر کپور نے ایک ساتھ کام کیا۔ یہ ایک ایسا اعزاز ہے جو سینما کی تاریخ میں صرف کپور خاندان کو ہی حاصل ہوا۔پرتھوی راج کپور نے انڈین سینما کی پہلی بولنے والی فلم (ٹاکی) ’عالم آرا‘ میں اہم کردار ادا کیا۔ تاہم وہ اس سے قبل 1927 میں خاموش فلموں سے اپنے کیریئر کا آغاز کر چکے تھے۔ضلع فیصل آباد (لائلپور) کے قصبے سمندری سے تعلق رکھنے والے پرتھوی راج کپور کا خاندان پنجابی تھا اور وہ آج کے دن ہی تین نومبر 1906 کو پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدا میں تعلیم بھی فیصل آباد کے ایک کالج سے ہی حاصل کی جس کے بعد وہ خاندان سمیت پشاور منتقل ہوگئے۔پرتھوی راج کپور محض 18 برس کے تھے جب وہ باپ بن گئے اور انہوں نے اپنے بیٹے کا نام راج کپور رکھا جو آنے والے برسوں میں بالی وڈ کے نمایاں اداکار اور ڈائریکٹر کے طور پر مشہور ہوئے جنہیں بالی وڈ کا شومین (Show Man)ھی کہا جاتا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد کی کتاب ’تقسیم سے قبل کے پنجاب کی انڈین سنیما کے لیے خدمات‘ (Pre-Partition Punjab’s Contribution to Indian Cinema)) میں شامل ایک مضمون کے مطابق، راج کپور نے سٹار ڈسٹ میگزین کو دیے گئے ایک انٹرویو میں یہ کہا کہ وہ ’سمندرو‘ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد مزید لکھتے ہیں، میں یہ جان گیا کہ یہ لفظ غلط لکھا گیا تھا جس کے باعث مجھے راج کپور کو خط لکھنے کا بہانہ مل گیا، مغل اعظم کی شوٹنگ کے دوران فلم کے ابتدائی منظر میں جب شہنشاہ اکبر ننگے پاؤں چلتے ہوئے اپنے وارث کے لیے دعا مانگ رہے ہیں تو اس وقت سورج حقیقت میں سوا نیزے پر تھا اور پرتھوی راج کپور کے پاؤں پر چھالے بن گئے تھے، انہوں نے مگر اپنے منظر کو فلمائے جانے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔راج کپور نے تقریباً 46 فلموں میں کام کیا جب کہ رشی کپور نے اس عرصے کے دوران 80 فلموں میں کام کیا، پرتھوی راج کپور اس خاندان کے بانی ہیں جس کے ارکان ہر دور میں سلور سکرین پر چھائے رہے جن میں نمایاں ترین راج کپور ہیں جنہوں نے فلم انڈسٹری کو ایک نیا آہنگ دیا جبکہ ان کے بھائی ششی کپور اور شمی کپور نے بھی بالی وڈ کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا اور اب ان کے پڑپوتے رنبیر کپور انڈین سنیما میں اپنا منفرد مقام بنا چکے ہیں۔جبکہ ان کی پڑپوتیاں کرشمہ کپور اور کرینہ کپور اپنے ادوار میں بالی وڈ کی کامیاب ترین اداکارائیں رہی ہیں۔پرتھوی راج کپور کو 1969 میں انڈین حکومت کی جانب سے پدما بھوشن ایوارڈ اور 1971 میں دادا صاحب پھالکے ایوارڈ سے نوازا گیا جب کہ وہ آٹھ برس راجیہ سبھا کے رُکن کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے، پرتھوی راج کپور 29 مئی 1972 کے ایک گرم دن ممبئی میں چل بسے۔
