ملائیشین وزیر اعظم کی آرمی چیف سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات، ملاقات میں دو طرفہ اسٹریٹجک مفادات،علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سےجاری بیان میں بتایاگیا ہے کہ وزیر اعظم انور ابراہیم نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کی مسلح افواج کےکردار کو سراہتےہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کا اعتراف کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم نے دونوں برادر ممالک کےدرمیان دو طرفہ تعلقات بالخصوص فوجی تعلقات کو بڑھانےکی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملائیشین وزیر اعظم انور ابراہیم نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ملائیشیا کےدورے کی دعوت دی ہے۔
یاد رہے کہ 3 اکتوبر وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سیری انور ابراہیم تین روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچےتھے۔داتو سری انور ابراہیم اپنےتین روزہ دورےپر پاکستان پہنچے تو نور خان ایئربیس پر وزیر اعظم شہباز شریف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا۔
اسلام آباد پہنچنےپر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نےملائیشیا کے وزیر اعظم کو سلامی دی تھی، جب کہ اس موقع پر انہیں 21 توپوں کی سلامی بھی پیش کی گئی، اس موقع پر روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے ملائیشیا کے وزیر اعظم کو پھول پیش کیےتھے۔
گزشتہ روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سری انور ابراہیم سے ون آن ون ملاقات ہوئی تھی،جس میں دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل بشمول امت مسلمہ کو درپیش مسائل کا احاطہ کیاگیا تھا۔ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید نتیجہ خیز بنانےاور اس حوالےسے جامع حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
گزشتہ روز ہی صدر مملکت آصف علی زرداری نےملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کو اسلامی امور کی حمایت اور پاکستان کےبہترین دوست ہونےکے اعتراف میں نشان پاکستان سے نوازا تھا۔