ملتان سلطان نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بارش سے متاثرہ میچ میں جیمز ونس کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت 9وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔
پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آج پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
راولپنڈی میں بارش کی وجہ سے میدان اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کے سبب ٹاس تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 9اوورز فی اننگز تک محدود کردیا گیا تھا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو لیوک رونکی اور کولن منرو نے ٹیم کو 26رنز کا آغاز فراہم کیا، رونکی اچھی فارم میں نظر آئے لیکن 18رنز بنانے کے بعد ایک متنازع کیچ کے نتیجے میں ان کی اننگز تمام ہوئی۔
کولن منرو نے شاہد آفریدی کو لگاتار تین چھکے لگائے جس کے بعد ایسا محسوس ہوتا تھا کہ یونائیٹڈ کی ٹیم باآسانی 100رنز بنانے میں کامیاب ہو جائے گی لیکن منرو کے آؤٹ ہونے کے ساتھ سلطانز نے عمدہ باؤلنگ کے ذریعے میچ میں واپسی کی۔
منرو 25 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد انگرام بھی صرف 6رنز بنا سکے جبکہ ان فارم شاداب بھی 14رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اختتامی اوورز میں سلطانز کے باؤلرز نے عمدہ باؤلنگ کی جس کی بدولت اسلام یونائیٹڈ کے بلے باز کھل کر بیٹنگ نہ کر سکے اور مقررہ 9اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 91رنز ہی بنا سکے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے جنید خان اور عمران طاہر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے اوپنرز جیمز ونس اور ذیشان اشرف نے ٹیم کو 5اوورز میں 68رنز کا آغاز فراہم کر کے میچ کو یکطرفہ بنا دیا۔
ذیشان اشرف 16رنز بنانے کے بعد شاداب خان کی گیند پر انہی کو کیچ دے بیٹھے۔
تاہم اس کے بعد ملتان سلطانز نے مزید کسی نقصان کے بغیر 14گیندوں قبل فتح حاصل کر کے قیمتی پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔
جیمز ونس نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 24 گیندوں پر 11چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 61رنز کی اننگز کھیلی۔
اس میچ میں شکست کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی پلے آف تک رسائی کے امکانات مزید کم ہو گئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان رواں سال اس سے قبل کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سلطانز کو باآسانی 8وکٹوں سے شکست دی تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور زلمی کے خلاف میچ میں بارش کے سبب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 7رنز سے شکست ہوئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button