ملکی تاریخی میں پہلی بار شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم نافذ

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیجیٹل ٹریفک چالان ’ون ایپ‘ کا افتتاح کر دیا، جس کے بعد ملکی تاریخی میں پہلی بار شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم نافذ ہوگیا ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق یہ ملک میں پہلی بار شواہد پر مبنی ٹریفک انفورسمنٹ سسٹم ہے، جس میں ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان جاری کیے جائیں گے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ تمام ٹریفک خلاف ورزیوں کی ویڈیو ریکارڈنگ محفوظ اور تصدیق کے قابل ہوگی۔
حکام نے بتایا کہ اس سسٹم کے ذریعے موقع پر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس، چوری شدہ گاڑیوں کی تصدیق ممکن ہوگی، اور گاڑی کی ملکیت، فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ کی فوری جانچ پڑتال بھی کی جا سکے گی۔
ترجمان کے مطابق تجاوزات اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر بھی ڈیجیٹل کارروائی ہوگی۔ انٹیگریٹڈ سسٹم کے تحت ای چالان، ایف آئی آر سٹیٹس، اور کریمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا سکے گا، اور مستقبل میں پوائنٹ سسٹم کے ذریعے ٹریفک خلاف ورزیوں پر ایف آئی آر کا اندراج ممکن ہوگا۔
شہریوں کو ٹریفک خلاف ورزیوں کی تفصیلات QR کوڈ کے ذریعے موصول ہوں گی۔ ڈی آئی جی محمد وقاص نذیر کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل شواہد کے ذریعے شفاف اور بلا امتیاز انفورسمنٹ کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ ٹریفک قوانین کی بہتر عملداری ممکن ہو۔
