ملکی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں

پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں، ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
کاکول میں 146 ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔ پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس عظیم ادارے سے پاس آؤٹ ہونا آپ کیلئے اعزاز کی بات ہے۔
آرمی چیف نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو فخر ہونا چاہئے، آپ ایک عظیم بہادر فوج کا حصہ بننے جا رہے ہیں، اس فوج نے پاکستان کو دہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے بہت قربانیاں دیں۔ 42 سال پہلے میں نے بھی اسی ادارے سے ٹریننگ حاصل کی تھی، تب میں نے یہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس عظیم فوج کو کمانڈ کروں گا۔
سپہ سالار کا مزید کہنا تھا کہ آگے کا سفر آپ کیلئے بہت سے چیلنجز لے کر آئے گا، آپ کو مستقبل میں مشکل اور بڑے فیصلے لینے ہوں گے۔ ملک کی حفاظت، عزت اور بہتری کیلئے آپ کو کام کرنا ہے، آپ کو ملک کی سالمیت کیلئے قربانیاں دینا ہوں گی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کسی بھی فیک نیوز اور اس کے پروپیگنڈے پر توجہ نہ دیں۔ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو ہمسایوں سے اچھے تعلقات چاہتا ہے۔ ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل پرامن طریقے سے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ امن کی خواہش کوہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، ہم ملک کے ایک ایک انچ کی حفاظت کیلئے ہروقت تیار ہیں، ملک کی سرحدیں مضبوط ہاتھوں میں ہیں، ہم کسی کو بھی اپنے ملک کو کمزور کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

Back to top button