ملکی و غیر ملکی خواتین کو ’ہم ویمن ایوارڈ‘ سے نواز دیا گیا

شوبز اور فیشن ایوارڈ منعقد کرنے والی ملٹی نیشنل کمپنی ’لکس‘ اور نجی ٹی وی چینل ’ہم ٹی وی‘ کی جانب سے دیگر اداروں کے اشتراک سے منقعد کیے گئے پہلے ’ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ‘ کی تقریب میں ملکی و غیر ملکی 20 خواتین و دیگر افراد کو ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔ہم ٹی وی نیٹ ورک کی سربراہ سلطانہ صدیقی نے رواں ماہ 12 فروری کو پہلے ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یہ اپنی نوعیت کا پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا اور اب تک کا واحد ایوارڈ شو ہے جس میں نہ صرف فیشن و فلم انڈسٹری بلکہ کاروبار، صحت، تعلیم کھیل، سماج اور ادب سمیت دیگر شعبہ جات میں نمایاں خدمات دینے والی خواتین کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ڈان اخبار کے مطابق پہلے ہم ویمن لیڈرز ایوارڈ کی تقریب 19 فروری کو سندھ گورنر ہاؤس کراچی میں منعقد ہوئی جس میں صدر پاکستان عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی سمیت پاکستان میں تعینات امریکی سفیر، گورنر سندھ اور دیگر اہم سیاسی، سماجی، شوبز و اقتصادی شخصیت نے شرکت کی۔
ایوارڈ تقریب سے صدر عارف علوی سمیت امریکی سفیر اور دیگر شخصیات نے خطاب کرتے ہوئے ہم ویمن لیڈرز منعقد کرنے کے خیال کو سراہا اور کہا کہ ملکی ترقی میں خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ایوارڈ تقریب میں مجموعی طور پر 20 شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے جن میں سے چند مرد حضرات کو بھی ایوارڈز سے نوازا گیا۔
ایوارڈ تقریب میں گلوکار سجاد علی نے اپنی بیٹی کے ہمراہ پرفارمنس کی جب کہ گلوکارہ حدیقہ کیانی سمیت دیگر گلوکاروں و فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے تقریب میں چار چاند لگا دیئے۔ایوارڈ تقریب میں ماہرہ خان، صنم سعید اور میرا سیٹھی سمیت کئی اداکاروں نے شرکت کی۔
ایوارڈ تقریب کے دوران پاکستان کی معروف خواتین جن میں فاطمہ جناح، بینظیر بھٹو، عاصمہ جہانگیر، بانو قدسیہ اور سریا بجیا شامل ہیں، انہیں بھی یاد کیا گیا اور ان کی زندگی سے متعلق مختصر کہانی بھی اسکرین پر پیش کی گئی۔
