ملک بھر میں طبی عملے کے 217 افراد کرونا وائرس سے متاثر

قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں اب تک 217 ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں ڈاکٹرز، نرسز اور اسپتال کا دیگر عملہ شامل ہے۔
قومی ادارہ صحت نے ہیلتھ پروفیشنلز کی رپورٹ وزارت قومی صحت کو ارسال کردی، رپورٹ میں کرونا وائرس کا شکار بننے والے ہیلتھ پروفیشنلز کے اعداد و شمار بتائے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ملک میں تاحال 217 ہیلتھ پروفیشنلز کرونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں جن میں سے 116 ڈاکٹرز شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مریضوں کی دیکھ بھال کے دوران 34 نرسز کرونا وائرس میں مبتلا ہوئیں، ملک بھر میں 67 دیگر اسپتال ملازمین میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کا شکار 119 ہیلتھ پروفیشنلز اسپتالوں میں زیر علاج ہیں اور ان تمام کی حالت تسلی بخش ہے، 71 ہیلتھ پروفیشنلز قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس کا علاج کرنے والے 3 ہیلتھ پروفیشنلز جاں بحق ہو چکے ہیں، ان میں سے 2 کا تعلق گلگت بلتستان اور ایک کا اسلام آباد سے ہے۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک میں کرونا وائرس سے 24 ہیلتھ پروفیشنلز تاحال صحتیاب ہو چکے ہیں۔
دوسری طرف ملک میں کورونا سے نجات دلانے والے مسیحاؤں کا خود وائرس کا شکار ہونےکا سلسلہ جاری ہے، تازہ اطلاعات کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مزید 9 ڈاکٹرز، نرسز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، پی آئی سی میں کورونا سے متاثرطبی عملے کی تعداد 21 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے مزید 9 ڈاکٹرز اور نرسز کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل 12 ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ پی آئی سی میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 21 ہوگئی ہے۔ جبکہ جناح ہسپتال کے وارڈ بوائے اور گنگا رام ہسپتال کے ڈسپنسرسمیت دو افراد میں بھی کورونا پازیٹو آیا ہے۔ واضح رہے سینئر نائب صدر وائی ڈے پنجاب ڈاکٹر شعیب نیازی نے بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے ڈاکٹرز اور نرسز کو حفاظتی سامان مہیا نہ کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
خیال رہے کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد بڑھ کر 8 ہزار 275 ہوچکی ہے جبکہ ملک بھر میں 167 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button