ملک میں کرونا کیسز کی شرح ایک مرتبہ پھر بڑھنے لگی

حکومت کی جانب سے ملک میں کرونا کی چوتھی اور خطرناک لہر کی پیشگوئی کے بعد پہلی مرتبہ مثبت کیسز کی شرح چار فیصد سے بڑھ گئی ہے ۔پاکستان میں کرونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کرونا کے 48 ہزار 382 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1980 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 27 افراد انتقال کر گئے۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.09 فیصد رہی۔
پاکستان میں آخری مرتبہ 30 مئی کو کرونا کیسز کی شرح 4.05 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی، اس روز پاکستان میں کرونا سے 71 اموات ہوئی تھیں۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 22582 ہو گئی اور مجموعی کیسز 9 لاکھ 73 ہزار 284 تک جا پہنچے ہیں۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 908 مریض کرونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 9 لاکھ 13 ہزار 203 ہو گئی ہے جب کہ فعال کیسز کی تعداد 37499 ہے۔
