ملک میں کرونا کے فعال کیسز 18 ہزار سے کم رہ گئے

ملک میں کرونا وائرس کی صورتحال بدتریج بہتری کی جانب گامزن ہے جس کے پیشِ نظر اب ملک میں معیشت کے متعدد شعبہ جات کھولنے کا حکم دیا جاچکا ہے۔
آج ملک میں مزید 285 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ مزید 11 مریض وبا کے باعث خالق حقیقی سے جا ملے جس سے مجموعی کیسز 2 لاکھ 84 ہزار 58 جبکہ اموات 6 ہزار 82 ہوگئیں۔اس کے علاوہ مزید 644 مریض کرونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ19 سے صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس سے صحتیاب افراد کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 60 ہزار 248 ہوگئی۔
پاکستان میں 26 فروری کو پہلے 2 کیسز سامنے آئے تھےجس کے بعد مارچ میں ملک گیر لاک ڈاؤن کے سبب وائرس کا پھیلاؤ نسبتاً سست رہا اور اپریل میں اس میں تیزی آنی شروع ہوگئی۔تاہم رمضان اور عید کے موقع پر لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث مئی اور جون میں صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی۔جس کے بعد جولائی کے آٖغاز سے یومیہ رپورٹ ہونےوالے کیسز میں کمی رجحان دیکھنے میں آیا اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔
آج ( 9اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 137 افراد وبا سے متاثر ہوئے.ملک میں کورونا کی صورتحال کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار360 ہوگئی۔اس کے علاوہ مزید 3 افراد کے انتقال کرجانے سے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 169 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت خیبرپختوا کی جانب سے رات گئے جاری اعداد و شمار کے مطابق 8 اگست کو صوبے میں مزید 96 افراد وائرس سے متاثر ہوئے اور 8 مریض انتقال کر گئے۔جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز 34 ہزار 635 تک جا پہنچے جبکہ اموات کی تعداد ایک ہزار 230 ہوگئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 27 افراد کو متاثر کیا تاہم خوشقسمتی سے کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان 27 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 241 تک پہنچ گئے۔شہر میں کووِڈ 19 کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 171 ہے۔
ملک میں کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 20 افراد کو متاثر کرگیا۔اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار321 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 5 نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 134 تک پہنچا دیا۔
ملک میں کرونا وائرس سے 91 فیصد سے زائد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کرونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 644 تھی۔جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 60 ہزار 248 مریض شفا پاچکے ہیں۔
مجموعی صورتحال ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:مصدقہ کیسز: 284121،اموات: 6082،صحتیاب: 260248،فعال کیسز: 17728
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 546 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 94 ہزار 360 تک پہنچ چکی ہے۔صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 34 ہزار 635 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 11 ہزار 821 ہے۔علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 241 ، آزاد کشمیر میں 2 ہزار 134 اور گلگت بلتستان میں 2 ہزار 321 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:سندھ: 2262، پنجاب: 2169، خیبرپختونخوا: 1230، بلوچستان: 137 ،اسلام آباد: 171، آزاد کشمیر: 58، گلگت بلتستان: 55
