ملک میں کورونا کے فعال کیسزکی تعداد 20 ہزار سے بھی کم رہ گئی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورت حال ہر گزرتے دن کے ساتھ بہتری کی جانب گامزن ہے اور ملک میں 90 فیصد مریضوں کے صحت یاب ہونے سے فعال کیسز کی تعداد 20 ہزار سے بھی کم رہ گئی ہے۔ ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 81 ہزار 863 ہے جس میں سے 2 لاکھ 56 ہزار 58 صحت یاب ہوئے ہیں جب کہ 6 ہزار 35 لقمہ اجل بنے ہیں آج 6 اگست تک ملک میں کورونا کی وبا نے مزید 322 افراد کو متاثر کیا جب کہ 5 افراد کی جان لے لی، تاہم ایک ہزار 772 مریض صحت یاب بھی ہوئے۔
اس عالمی وبا کا آغاز گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان کی ایک سی فوڈ مارکیٹ سے ہوا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا وبا نے نہ صرف پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا بلکہ دنیا کی صورت حال، لوگوں کا رہن سہن، معاشی معاملات اور یوں کہیں کہ سب کچھ بدل کر رکھ دیا۔ اگر خطے کی بات کریں تو پاکستان میں یہ وبا دیگر پڑوسی ممالک کے مقابلے میں دیر سے آئی اور یہاں فروری کے آخر میں پہلا کیس رپورٹ ہوا جب کہ یہاں اس وائرس سے بہتری کی جانب جانے کی صورت حال بھی دیگر ممالک سے بہتر ہے رواں ماہ کی بات کی جائے تو ابتدا کے 5 روز میں عید گزرنے کے باوجود کیسز کی صورت حال میں گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے بہتر ہے آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 276 افراد کو متاثر اور 5 افراد کی جان لے لیا سرکاری اعداد و شمار کےلیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور یوں مجموعی کیسز کی تعداد 93 ہزار 847 ہوگئی اس کے علاوہ 5 افراد بھی 24 گھنٹوں میں انتقال کرگئے جس سے مجموعی اموات 2 ہزار 162 تک جا پہنچیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مزید 19 افراد وائرس سے متاثر ہوئے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے نئے مریضوں کی تعداد 19 تھی، جس سے مجموعی کیسز 15 ہزار 141 تک پہنچ گئے۔ ملک میں کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 16 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اعداد و شمار پر نظر دوڑائیں تو معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے ان 16 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 234 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر جو اب تک اس وائرس سے سب سے کم متاثر ہوا ہے وہاں نئے کیسز میں 11 کا اضافہ ہوا اعداد و شمار کے مطابق 16 نئے کیسز کے سامنے آںے کے بعد وہاں اب تک کے مجموعی کیسز 2 ہزار 116 تک پہنچ گئی۔ ملک میں نئے کیسز کے سامنے آنے کے باوجود صحت یاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں مزید 1 ہزار 772 مریض صحت یاب ہوئے جس کے بعد مجموعی طور پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 56 ہزار 58 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا 90 فیصد ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے کےلیے بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیداری مہم کے آغاز کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ایس اوپیز پر عملدرآمد کر کے کورونا سے بچا جاسکتا ہے وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، وفاقی وزراء فخر امام، اعجاز شاہ اور معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے شرکت کی، اجلاس میں صوبوں کی این سی اوسی کو کورونا صورت حال اور حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں کورونا کے پھیلاﺅ میں واضح کمی آئی ہے، عوامی سطح پرایس اوپیز پر عملدرآمد میں کمی آئی ہے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ ملک سے کورونا وائرس کا مکمل طور پر خاتمہ نہیں ہوا، ایس اوپیز پر عملدرآمد کر کے کورونا سے بچا جاسکتا ہے، عوامی مقامات پر ماسک، سماجی فاصلے پر عملدرآمد کیلئے اقدامات کئے جائیں اسد عمر نے کہا کہ کورونا کیسز بڑھنے پر حکومت نے اسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، 31جون سے قبل اسپتالوں کو 2150 آکسیجن بیڈز فراہمی کا فیصلہ ہوا اور صوبوں سے مشاورت کے بعد 2850 آکسیجن بیڈز فراہمی کا آغاز کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملکی اسپتالوں کو تاحال 2608 آکسیجن بیڈز فراہم کئے جا چکے ہیں، آزاد کشمیر 80، بلوچستان کو 264 آکسیجن بیڈز، گلگت بلتستان کو100، خیبرپختونخوا کو 400 آکسیجن بیڈز فراہم کر دیے ہیں۔ اسد عمر نے بتایا کہ پنجاب کو787، سندھ کو 351 ، اسلام آباد کے اسپتالوں کو 626 آکسیجن بیڈز فراہم کئے جا چکے ہیں جب کہ پنجاب، سندھ، کے پی کو مزید 242 آکسیجن بیڈز فراہم کئے جائیں گے، سندھ 215، پنجاب 17، کے پی کو 10 آکسیجن بیڈز فراہم کئے جائیں گے این سی او سی کا وبائی امراض میں اضافہ روکنے کےلیے عوامی بیداری مہم تیز کرنے اور کورونا پھیلاﺅ روکنے کےلیے بڑے پیمانے پر عوامی شعور بیداری مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا۔
