ملک میں 5 سال بعد ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال

ملک میں 5 سال بعد ڈپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہوگئی اور پریذیڈنٹ ٹرافی کے مقابلے کراچی میں شروع ہوگئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کیلئے فرسٹ کلاس کرکٹ کی پلیئنگ کنڈیشنز میں تبدیلیاں کرکے پہلی اننگز کو 80 اوورز تک محدود کردیا ہے۔ ٹیموں کو پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر بونس پوائنٹس بھی ملیں گے۔اسٹیٹ بینک نے پی ٹی وی کیخلاف اور ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کیخلاف پہلی اننگز کی کارکردگی کی بنیاد پر بونس پوائنٹس حاصل کرلیے۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم پر ایس این جی پی ایل نے غنی گلاس کیخلاف 80 اوورز میں 7 وکٹ پر 371 رنز بنائے، عابد علی 90، اسد شفیق 81، صاحبزادہ فرحان 67 اور عمیر بن یوسف نے 56 رنز بنائے۔غنی گلاس کے محمد رمیز نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پہلی اننگز میں 350 سے زائد رنز بنانے پر ایس این جی پی ایل کو بیٹنگ بونس پوائنٹ ملا۔ اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس پر میزبان اسٹیٹ بینک کیخلاف پی ٹی وی کی ٹیم 66 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ اسٹیٹ بینک کے محمد عباس نے 6، ثمین گل نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
