نااہل حکومت اُنہیں موقع دے جنہیں حکومت کرنا آتا ہے

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ موجود حکومت نے مشرف کی آمرانہ روایات کو آگے بڑھایا ہے. یہ حکومت نااہل ہے، اب اُنہیں خدمت کا موقع دیا جائے جنہیں حکومت کرنےکا کام آتا ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ وہ لوگ خود کو رضاکارانہ اس کام سے دور کرلیں جنہیں یہ کام نہیں آتا، جنہیں یہ کام آتا ہے انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے، انہیں موقع دیا جائے تاکہ ملک ترقی کے راستے پر آگے بڑھ سکے ۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مشرف کہتا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان آنے نہیں دونگا، یہ کہتے ہیں جانے نہیں دونگا۔ ملکی سیاست نواز شریف نواز شریف کے ارد گرد گھوم رہی ہے.، اس کے علاوہ حکومت کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔
سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومت دباؤ کے تمام حربے استعمال کر رہی ہے۔ ہر الزام سابق حکومت پر لگا دیا جاتا ہے۔ اختلاف رائے کو برداشت کریں، تنقید کو سننے کا حوصلہ بھی ہونا چاہیے۔ سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں، موجودہ دور میں لوگوں کا معاشی قتل ہوا۔ ان کی ساری سیاست یہ ہے کہ نواز شریف کو جیل میں کیسے رکھنا ہے۔لیگی رہنما نے کہا ہے کہ فخر کیا جا رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پرٹرمپ ثالثی کا رول ادا کرے گا۔ خدا کا خوف کریں کسی کو ثالثی کا کہہ رہے ہیں، وہ آپ کا تیتر لے جائے گا اور آپ کے ہاتھ کوا تھما کر چلا جائے گا اور آپ کو پتا بھی نہیں چلے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہوئی لیکن حکومت نے پانچ روپے کم کرکے حاتم طائی کی قبر پر لات ماری۔ لیوی سیلز ٹیکس کی مد میں ہر ماہ دس ارب روپیہ غریبوں کی جیبوں سے نکالا جائے گا۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ آنے والے دنوں میں توانائی بحران بڑھے گا۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صادق اور امین کہلانے والوں نے ایک بھی میگا منصوبہ شروع نہیں کیا۔ لنگر خانوں میں چند ہزار لوگوں کو بھی کھانا نہیں دیا جا سکتا۔ ہمیں انتظار ہے کہ یہ کس دن موٹروے، نیا ایئرپورٹ اور لیپ ٹاپ جیسے منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ پرویز رشید کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان کے لیے زحمت بن چکے ہیں. آج بھی وقت ہے جو کام انہیں نہیں کرنا آتا, خود رضاکارانہ طور پر اپنے آپ کو اس سے الگ کر لیں۔ جن کو یہ کام کرنا آتا ہے انہیں موقع دیں اور انتقام کا نشانہ نہ بنائیں۔
ملکی معاشی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا روپیہ خطے میں سب سے کمزور ہے۔ جب کسی ملک کی اقتصادیات کمزور ہو جاتی ہے تو سلامتی کمزور ہو جاتی ہے۔ انہوں نے پاکستان کے دفاع داؤ پر لگا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو بجلی، گیس ملے گی یا نہیں، روزگار ملے گا یا نہیں، موٹروے بنے گی یا نہیں، ان کوعوامی مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button