مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی

وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں 12 لاکھ خاندانوں کو ہیلتھ کارڈ دیا جائےگا۔
مظفرآباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے رہائشیوں کے لیے بھی احساس پروگرام ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ تک کا علاج مفت ہوسکے گا۔
علاوہ ازیں انہوں نے بھارتی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘بھارتی فوجیوں کی ایل او سی کے خلاف بلا امتیاز و اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کے نیتجے میں پیدا ہونے والے حالات کا ادراک ہے’۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایل او سی پر رہنے والے شہریوں کی مشکلات کا علم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ مودی کی سوچ ہٹلر کی سوچ ہے کیونکہ وہ ایک نارمل انسان نہیں ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کریلا سیکٹر میں بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی ہوگئیں تھیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق ‘بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحق کریلا سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا’۔
خیال رہے کہ 16 جون کو بھارتی فوج نے ایل او سی سے ملحق بگسر سیکٹر میں بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں ایک شہری زخمی ہو گیا تھا۔
بھارتی فوج نے 12 جون کو بھی آزاد جموں و کشمیر کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں بزرگ خاتون جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button