مودی کے یار نواز شریف سے بھارتیوں کے ہیرو عمران تک

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو نواز شریف کا یار قرار دینے والے وزیراعظم عمران خان کے اپنے بینرز بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں جگہ جگہ بطور ھیرو آویزاں ہو گئے ہیں۔ ان بینرز میں وزیراعظم عمران خان کوسابق بھارتی کرکٹر اور کانگریسی رہنما نوجوت سنگھ سدھو کی طرف سے خراج تحسین پیش کیا گیا ہے جن کی ذاتی کوششوں سے کرتارپور راہداری منصوبہ مکمل ہوسکا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپور راہداری کی کوششوں پر وزیراعظم عمران خان کے حق میں یہ بل بورڈز سکھ رہنما ہر پال سنگھ کی جانب سے لگائے گئے ہیں جس میں لکھا ہے کہ عمران خان اور نوجوت سنگھ سدھو کرتارپور راہداری کھولنے کے اصل ہیرو ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نوجوت سدھو اور عمران خان بہت اچھے دوست ہیں، دونوں ساتھ کرکٹ کھیلے ہیں اور ساتھ کمنٹری بھی کی ہے، عمران خان نے اپنی حلف برداری کی تقریب میں بھی سدھو کو بلایا تھا۔یاد رہے کہ کرتار پور راہداری نے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر نوجوت سنگھ سدھو خصوصی طور پر پاکستان آئے تھے اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا تھا۔ بھارتی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ بھارتی پنجاب میں کرتار پور راہداری پر سیاست ہورہی ہے ہر کوئی اس راہداری کا کریڈٹ لینے کے چکر میں لگا ہوا ہے لیکن اصل ہیرو صرف عمران ہیں ۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان 9 نومبر کو کرتار پور راہداری کا افتتاح کریں گے جس میں شرکت کےلیے سابق بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ اور نوجوت سنگھ سدھو کو بھی دعوت دی گئی ہے۔ منموہن سنگھ نے ایک عام شہری کی حیثیت سے تقریب میں شرکت پر رضامندی ظاہر کردی تھی۔بھارت نے کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے 575 افراد کی فہرست پاکستانی حکام کو دی ہے تاہم اس میں نوجوت سدھو کا نام شامل نہیں تھا اس لیے انہیں بھی باقاعدہ دعوت دی گئی۔
واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے 11 ماہ کے قلیل عرصےمیں کرتار پور راہداری مکمل کی گئی اور سکھوں کےلیے 4 ایکڑ کے گوردوارے کو 42 ایکڑ تک وسیع کیا گیا، گوردوارے کے گرد 800 ایکڑ اراضی دربار صاحب کےلیے مختص کی گئی ہے، کرتارپور گوردوارہ ضلع نارووال کی تحصیل شکر گڑھ میں واقع ہے جو بھارتی سرحد سے کچھ دوری پر ہے۔ گوردوارہ دربار صاحب 1539 میں قائم کیا گیا۔
