مولانا طارق جمیل نے ’میڈیا‘ سے متعلق بیان پر معافی مانگ لی

مولانا طارق جمیل نے ’میڈیا‘ سے متعلق دئیے گئے بیان پر معافی مانگ لی اور کہا ہے کہ اگر ان کے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہوں۔
یاد رہے کہ 23 اپریل کے روز وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کے تحت کورونا ریلیف فنڈ ٹیلی تھون ہوئی تھی جس میں مولانا طارق جمیل نے میڈیا سے متعلق کہا تھا کہ سب سے زیادہ جھوٹ میڈیا پر بولا جاتا ہے جس پر جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ کے میزبان و سینیئر صحافی حامد میر نے بھی اپنے پروگرام میں یہ معاملہ اٹھایا تھا۔
تاہم اب مولانا طارق جمیل نے میڈیا سے متعلق الفاظ پر معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی ہوگئی ، معافی چاہتا ہوں، دنیا میں کوئی انسان خطا سے پاک نہیں۔انہوں نے کہا کہ حامد میراور دیگرمیڈیا کے لوگوں سے معافی چاہتا ہوں،کوئی دلیل نہیں، مجھ سےغلطی ہوئی لیکن چینل پر جھوٹ سے متعلق بات کس نے کہی نہیں بتاسکتا، یہ معاملہ ذاتی ہے۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ حلفیہ کہہ سکتا ہوں کہ یہ بات ٹاپ 10 میں سے ایک نےکہی، نام نہ بتانے پر معذرت قبول کریں۔
واضح رہے کہ23 اپریل کے روز وزیر اعظم عمران خان کی احساس ٹیلی تھون کی لائیو نشریات میں پاکستان سمیت پوری دنیا سے لوگ شریک ہوئے اور دل کھول کر عطیات دئیے۔ جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں کرونا ریلیف فنڈ کے حوالہ سے ملکی تاریخ کی سب سے بڑی احساس ٹیلی تھون میں وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔ ملک کے مختلف چینلز سے وابستہ اینکرز بھی ٹیلی تھون میں شریک تھے۔ اس موقع پر اندرون و بیرون ملک سے بڑی تعداد میں مخیر حضرات نے وزیراعظم کے کورونا ریلیف فنڈ کیلئے کروڑوں روپے کے عطیات کا اعلان کیا۔نشریات کے اختتام پر معروف مذہبی سکالر مولانا طارق جمیل نے عوام سے اس وبا سے احتیاط برتنے اور خدا کے حضور توبہ کرنے کی تلقین کی، انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر اس عذاب سے چھٹکارے کی بھی خصوصی دعا کی۔
مولانا طارق جمیل نے دعا سے قبل خطاب بھی کیا،خطاب کے دوران ان کے دیئے گئے ایک بیان پر میڈیا کی جانب سے سخت رد عمل دیکھنے میں آیا۔مولانا طارق جمیل نے اپنے بیان میں کہا کہ میڈیا پر جھوٹ بولا جاتا ہے۔ہم جھوٹی قوم ہیں۔ہم اس جھوٹ کے ساتھ اللہ کی بارگاہ میں کوئی مقام نہیں لے سکتے۔22 کروڑ عوام میں کتنے لوگ سچے ہیں.؟. مولانا طارق جمیل نے ایک مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار مجھ سے ایک چینل کے مالک نے نصیحت مانگی۔ میں نے کہا اپنے چینل سے جھوٹ ختم کردو۔تو اس نے کہا کہ چینل ختم ہو سکتا ہے جھوٹ ختم نہیں ہو سکتا۔صرف پاکستان ہی نہیں پوری دنیا کا میڈیا جھوٹا ہے۔سب سے زیادہ جھوٹ میڈیا پر بولا جاتا ہے۔ مولانا طارق جمیل کی طرف سے تمام میڈیا کے حوالے سے عمومی بیان دینے پر انھیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تاہم اب مولاناطارق جمیل نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے۔انہوں نے کہا کہ جھوٹ سب برائیوں کی جڑ ہے۔ مولانا نے مزید کہا کہ میرے بیان میں "تمام” سے مراد سارے نہیں، بلکہ اکثریت ہے۔پانچوں انگلیاں برابر نہیں ہوتی۔انہوں نے کہا کہ وہ حضرات جو سچ بولتے ہیں، میرے بیان سے ان کی دل آزاری ہوئی تو معذرت خواہ ہوں۔
