’’مولا جٹ‘‘ نے اجے دیوگن، اکشے کمار کو کیسے پچھاڑا؟

فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ 100 کروڑ روپے کے بزنس کا ہدف حاصل کرنے کے بعد اب مزید اہداف حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہے، اس فلم نے انگلینڈ اور امریکہ میں بالی ووڈ کی دو فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ 13 اکتوبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہونے والی پنجابی پاکستانی فلم ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے ایک دن کی کمائی میں بالی ووڈ سپر سٹارز اکشے کمار اور اجے دیوگن کی میگا بجٹ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پاکستانی فلم نے دونوں اداکاروں کی بھارتی فلموں کو امریکا اور برطانیہ کے باکس آفس پر پیچھے چھوڑا اور پاکستانی فلم نے ایک ہی دن میں کم سینما سکرینز پر ریکارڈ کمائی کر کے نئی تاریخ رقم کر دی۔
شوبز ویب سائٹ ’’بالی ووڈ ہنگامہ‘‘ کے مطابق اجے دیوگن کی فلم ’’تھینک گاڈ‘ اور اکشے کمار کی فلم ’’رام سیتو‘‘ کو دیوالی کے موقع پر بھارت سمیت دنیا بھر میں ریلیز کیا گیا، جنہوں نے پہلے ہی دن پاکستانی فلم کے مقابلے کم کمائی کی۔ دونوں فلموں نے پاکستانی فلم کے مقابلے برطانیہ اور شمالی امریکا کے سینماؤں میں کم کمائی جبکہ بالی ووڈ فلموں کو ’’مولا جٹ‘‘ کے مقابلے زیادہ سینماؤں میں پیش کیا گیا تھا، اس کے باوجود دونوں فلمیں پاکستانی فلم کی ایک دن کی کمائی کا ریکارڈ نہ توڑ پائیں۔
’’مولاجٹ‘‘ نے برطانیہ سے 47 ہزار امریکی ڈالر جبکہ دونوں بھارتی فلموں نے ایک ہی دن میں مجموعی طور پر 36 ہزار امریکی ڈالر کمائے، اسی طرح شمالی امریکا میں بھی ایک ہی دن میں پاکستانی فلم نے 56 ہزار امریکی ڈالر سے زائد کی کمائی کی جبکہ وہاں اجے دیوگن کی فلم نے 40 ہزار اور اکشے کمار کی فلم نے 38 ہزار امریکی ڈالر بٹورے۔ برطانیہ اور شمالی امریکا کی سینما مارکیٹس میں دونوں بھارتی فلمیں پاکستانی فلم کو ایک دن کی کمائی میں پیچھے نہ چھوڑ سکیں اور یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستانی فلم کو ریلیز کیے گئے دو ہفتے گزر چکے ہیں جبکہ بھارتی فلموں کو دو دن قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا۔
علاوہ ازیں دوسری جانب ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ کے آفیشل انسٹا گرام پیج پر بتایا گیا کہ پاکستانی فلم برطانیہ میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم بن گئی، اس سے قبل یہ اعزاز کسی بھارتی پنجابی فلم کے پاس تھا، ’’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘‘ نے اب تک سوا ارب روپے سے زائد کی کمائی کر لی ہے، وہ پہلی پاکستانی فلم بنی تھی، جس نے ریلیز کے 10 دن کے اندر 100 کروڑ روپے کمائے تھے۔
