مومنہ درید کیلئے تمغہ امتیاز کا اعلان

معروف ٹی وی فلم پروڈیوسر اور ڈائریکٹر مومنہ درید کی لاجواب اداکاری اور عوام میں مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے تمغہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے ۔مومنہ درید ہم سفر ، زندگی گلزار ہے ، صدقے تمھارے سمیت کئی سپر ہٹ ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جلوے بکھیر چکی ہیں ۔
مومنہ درید ملک کے سب سے بڑے پروڈکشن ہاوس مومنہ درید پروڈکشن کی سربراہ ہیں۔ مومنہ درید نے لکس اسٹائل ایوارڈز، ہم ایوارڈز سمیت کئی ایوارڈز حاصل کیے ہیں۔
مومنہ درید کی پروڈکشن میں اب تک ہم سفر،زندگی گلزار ہے، صدقے تمہارے ،من مائل، اڈاری،یقین کا سفر، رانجھا رانجھا کردی ،چپکے چپکے جیسے کئی سپر ہٹ اور ایوارڈ جیتنے والے ڈرامے ریلیز ہوچکے ہیں ۔
مومنہ درید فلم بن روئے کی کو ڈائریکٹر بھی تھیں ان کی پروڈکشن میں بن روئے ، پرواز ہے جنون اور سپر اسٹار جیسی سپرہٹ فلمیں شامل ہیں۔
مومنہ درید نے لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز ( لمز) سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہوئی ہے ،وہ ہم نیٹ ورک کے سی ای او درید قریشی کی اہلیہ اور ہم نیٹ ورک کی صدر سلطانہ صدیقی کی بہو بھی ہیں۔
