مہوش حیات کس سے اور کب منگنی کرنے والی ہیں؟

اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ اگرچہ وہ جوان ہیں لیکن تاحال انہوں نے منگنی نہیں کی اور چونکہ ان کی منگنی نہیں ہوئی، اس لیے وہ شادی بھی نہیں کر سکتیں۔ تاہم جیسے ہی کوئی دل کو پسند آیا تو وہ نہ صرف منگنی بلکہ شادی کرنے میں بھی دیر نہیں لگائیں گی۔
مہوش حیات حال ہی میں حنا الطاف کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے دنیا کے مختلف ممالک کے گھومنے کے اپنے تجربات بیان کیے اور ساتھ ہی اپنی بھائی دانش سے تعلقات پر بھی کھل کر بات کی۔انہوں نے بتایا کہ ان کے اور ان کے بھائی کے درمیان بچپن سے ہی دوستی ہے اور اب بھی وہ دنیا کے متعدد ممالک ایک ساتھ گھومنے جاتے ہیں۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ بچپن میں وہ ان کے بھائی کتے اور بلیوں کی طرح لڑتے تھے اور اب بھی وہ لڑتے ہیں لیکن اب بڑے ہوجانے کی وجہ سے ان کے جھگڑے مختلف ہوچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی دانش کے ساتھ بیرون ممالک سفر کرنے میں خود کو محفوظ اور پرسکون تصور کرتی ہیں اور یہ کہ دونوں کی بہت ساری عادتیں اور پسندیدہ چیزیں بھی ایک جیسی ہیں۔
مہوش حیات کا کہنا تھا کہ بیرون ممالک سفر کرنے کا منصوبہ بنانے کے بعد ان کے بھائی ایجنٹ کے تحت بکنگ کرواتے ہیں اور انہیں زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی۔پروگرام کے دوران جب میزبان نے انہیں بتایا کہ ایک ایئر لائن ایسی بھی ہے جو نوبیاہتا جوڑوں یا منگنی کرنے والے افراد کو فرانس کے دارالحکومت پیرس لے جاتے وقت پورا پیکج بھی دیتے ہیں، اس پر مہوش حیات نے کہا کہ تاحال ان کی منگنی نہیں ہوئی۔
مہوش حیات نے میزبان کی بات پر کہا کہ وہ نوجوان بھی نہیں ہیں لیکن بعد ازاں انہوں نے اپنی ہی تصحیح کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اگرچہ وہ جوان ہیں لیکن ان کی منگنی نہیں ہوئی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ چوں کہ ان کی منگنی بھی نہیں ہوئی تو وہ شادی بھی ںہیں کرسکتیں تو اب وہ بطور جوڑا مذکورہ ایئرلائن کی سہولیات کیسے حاصل کریں؟
نامور فلم اسٹار مہوش حیات نے تعلقات کے حوالے سے اپنی ذاتی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انسان کو ایک وقت میں دو لوگوں سے محبت ہوسکتی ہے لیکن جب شادی ہوجائے تو وہی انسان سب کچھ ہونا چاہیے۔‘پروگرام کے دوران میزبان نے مہوش سے سوال کیا کہ کیا ایک انسان کو ایک ہی وقت میں دو انسانوں سے محبت ہوسکتی ہے؟ جس پر مہوش نے جواب دیا کہ ’کسی کی محبت آخری نہیں ہوتی، لیکن جب شادی ہوجائے تو وہی انسان سب کچھ ہونا چاہیے۔‘مہوش حیات نے کہا کہ ’جب آپ شادی کرتے ہیں تو دائیں یا بائیں کچھ نہیں دیکھا جاتا۔‘
اداکارہ نے اپنی فلم ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس فلم میں بھی یہی پیغام دیا گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ ’ایک وقت میں دو انسانوں سے محبت بالکل ہوسکتی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ آپ اس کے پیچھے دیوانوں کی طرح بھاگنا شروع کردیں۔‘ان کا کہنا تھا کہ ’محبت ہوجاتی ہے لیکن اپنے ساتھی کے ساتھ وفادار ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے۔‘
پروگرام کو آگے بڑھاتے ہوئے میزبان نے سوال پوچھا کہ ’آپ سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کو کس طرح کنٹرول کرتی ہیں، آپ کا کیا ردعمل ہوتا ہے۔‘جس پر مہوش حیات نے کہا کہ ’کسی بھی انسان کو آپ کے کردار یا ذات پر تبصرے کرنے کا حق نہیں ہے، آپ میری اداکاری پر تنقید کرسکتے ہیں، لیکن میں اپنی ذاتی زندگی میں کیسی ہوں، یا میرا کردار کیسا ہے، اس حوالے سے کسی کو بولنے کا حق نہیں ہے۔‘انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ ایسا کرتے ہیں انہیں سوچنا چاہیے کہ انہیں اگر کوئی ایسا بولے تو کیسا محسوس ہوگا، ہمیں بولنے اور تبصرے کرنے سے پہلے سوچنا چاہیے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اگر کچھ اچھا کہنے کے لیے نہیں ہے تو خاموش رہیں، ہم بھی انسان ہیں، ہماری بھی فیملی ہے، احساسات ہیں اور ذہنی صحت ہے، آپ کے ایک تبصرے سے یہ سب متاثر ہوسکتے ہیں۔‘
