میرا کو شوہر نے 50 ہزار ڈالر دے کر اسپتال سے چھڑایا

اداکارہ میرا کے سسر راجہ پرویز نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بیٹے اور میرا کے شوہر کیپٹن نوید نے 50 ہزار ڈالر کی گارنٹی کے عوض میرا کو اسپتال سے فارغ کرایا۔
میرا کو امریکی ڈاکٹر سے بدتمیزی، پروٹوکول کے ناجائز مطالبات، دھمکی آمیز اور غیر متوازن گفتگو پر لانگ آئی لینڈ نیویارک کے اسپتال میں داخل کیا گیا تھا تاہم اب میرا کو شوہر کیپٹن نوید کی گارنٹی کے بعد اسپتال سے ہوٹل منتقل کردیا گیا ہے۔ میرا کے سسر راجہ پرویز کا کہنا ہے کہ میرا کا آج امریکا سے پاکستان کےلیے روانگی کا امکان ہے اور وہ اگلے 48 گھنٹوں میں امریکا چھوڑ دیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل اداکارہ میرا امریکا میں پاگل خانے منتقل کیے جانے کے والدہ کے دعوے کی تردید کرچکی ہیں۔ میرا کا کہنا تھا کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور والدہ نے بیان ذہنی دباؤ میں دیا۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر میرا کی والدہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کو کسی نے امریکا کے مینٹل اسپتال میں داخل کرادیا ہے۔
