میری گرفتاری سے حکومت مخالف تحریک میں مزید تیزی آئے گی

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہےکہ حکومت اب خود جانے والی ہے اور اس کی ایف آئی آر کی کوئی حیثیت نہیں۔
اسلام آباد روانگی کے موقع پر لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ لاہور جس طرح سے کل نکلا پوری دنیا نے دیکھا، لاہور کے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے کیونکہ مہنگائی اور بیروزگاری سے تنگ عوام پی ڈی ایم اور نوازشریف کی طرف دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کبھی سنا ہے کسی جلسے پر تین تین ہزار ایف آئی آر کٹی ہوں، اتنی ایف آئی آرز کاٹی گئیں کہ ان کا خوف نہیں رہا، حکومت اب خود جانے والی ہے اس کی ایف آئی آر کوئی حیثیت نہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم میں سارے آپشنز زیر غور ہیں، کچھ چیزوں پر کافی ڈسکشن ہوچکی اور آج کی میٹنگ اہم ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ قانون اور آئین کی باتیں حکومت کو زیب نہیں دیتیں، لوگ مہنگائی، بیروزگاری اور لاقانونیت سے تنگ آئے ہوئے ہیں، لوگ پی ڈی ایم میں اور نواز شریف میں اپنی نجات دیکھ رہے ہیں، مریم نواز کا کہنا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے سے حکومت کی جان نکلی ہوئی ہے۔
لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اس تحریک کو عوام لیڈ کر رہے ہیں اور یہ عوام کی تحریک ہے، یہ عوام کو مشکلات سے نکالنے کی تحریک ہے، مریم نواز ہو یا کوئی اور، یہ تحریک کبھی نہیں رکے گی اور حکومت کو گھر بھیج کر دم لے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ اب ہمیں کسی ایف آئی آر کو خوف ہی نہیں ہے۔ میری گرفتاری کی صورت میں اس تحریک کی قیادت عوام کریں گے۔
