میرے شوہر فحش نہیں قابل اعتراض فلمیں بناتے ہیں،

بولی وڈ اداکارہ شلپا شیٹی نے اپنے شوہر کا ساتھ دیتے ہوئے ان پر فحش فلمیں بنانے کے عائد کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ راج کندرا قابل اعتراض فلمیں بناتے ہیں۔

شلپا شیٹی کے شوہر راج کندرا کو ممبئی پولیس نے 19 جولائی کو گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا تھا اور بعد ازاں 22 جولائی کو انہیں عدالت پیش کیا گیا تھا۔

عدالت نے راج کندرا کو 27 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جب کہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ان کی رہائش گاہ سے کمپیوٹر اور ہارڈ ڈسک برآمد کرلی۔

بعد ازاں راج کندرا کی اہلیہ اداکارہ شلپا شیٹی نے 23 جولائی کو ممبئی پولیس کو اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے شوہر پر لگے الزامات کو مسترد کردیا۔

شلپا شیٹی نے اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے شوہر پر لگے الزمات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کے جیون ساتھی فحش فلمیں بنانے میں ملوث نہیں ہیں۔

پولیس کو ریکارڈ کروائے گئے بیان میں اداکارہ نے کہا کہ ان کے شوہر کی ’ہاٹ شاٹ‘ نامی ایپلی کیشن پر جو مواد دستیاب ہے، اسے فحش (پورن) نہیں کہا جا سکتا۔

شلپا شیٹی اور راج کندرا نے 2009 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: انسٹاگرام
شلپا شیٹی نے پولیس کو فحش مواد اور قابل اعتراض مواد میں فرق بھی بتایا اور کہا کہ ان کے شوہر شہوت انگیز فلمیں بناتے ہیں، جنہیں پورن نہیں کہا جا سکتا۔

اسی حوالے سے ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ شلپا شیٹی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں تسلیم کیا کہ ان کے شوہر قابل اعتراض فلمیں بناتے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اگرچہ شلپا شیٹی کا مذکورہ کیس سے براہ راست کوئی تعلق نہیں، تاہم پولیس نے انہیں بھی شامل تفتیش کیا ہے اور اسی وجہ سے ہی انہیں 23 جولائی کو بیان ریکارڈ کروانے کے لیے بلایا گیا تھا۔

اداکارہ کو پولیس نے اس وقت شامل تفتیش کیا، جب پولیس کو معلوم ہوا کہ اداکارہ نے حال ہی میں شوہر کی کمپنی ’ویان انڈسٹریز‘ کے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکارہ نے اس وقت عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جب کہ ان کے شوہر کی کمپنی نے فحش یا قابل اعتراض فلمیں بنانے پر کام شروع کیا تھا۔

Back to top button